موجودہ سیاسی بحران میں دو شریف اپنا کردار ادا کریں تو جمہوریت بچ سکتی ہے،محمود اچکزئی

موجودہ سیاسی بحران میں دو شریف اپنا کردار ادا کریں تو جمہوریت بچ سکتی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                         کوئٹہ(اے این این)پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اگرموجودہ سیاسی بحران میں دو شریف اپنا کردار ادا کریں تو جمہوریت بچ سکتی ہے ، اگر خدانخواستہ اس بار جمہوریت کوڈی ریل کیاگیا تو پھر ملک بھی نہیں رہے گا اس لئے جمہوریت کے خلاف اٹھنے والا ہاتھ توڑ دینگے ¾ ریڈ زون میں سیاسی پارٹیوں کے جلسے جلوس اور دھرنے بند کرنے کےلئے قانون سازی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ محموداچکزئی نے کہاکہ پاکستان میں پشتونوں کو برابری نہ دینے پر آج بھی تحفظات ہیں بلوچستان سے نکلنے والی گیس پنجاب میں اور خیبرپختونخوا تک ہے لیکن دو قومی صوبہ پشتون بلوچ اس کیس سے محروم ہے ۔ پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے خلاف اور جمہوریت کی حمایت میں اپنی بساط کے مطابق اچھا کام کیا اور آئندہ بھی جمہوریت کی بحالی ¾ ملکی استحکام اور پارلیمنٹ کی بالادستی اور اٹھارہ کروڑ عوام کی رائے کا احترام برقرار رکھنے کےلئے کردار ادا کرینگے ۔ انہوں نے کہاکہ آئین بظاہر ایک کاغذ کا ٹکڑا ہے کوئی اسے پھینک اور پھاڑ بھی سکتا ہے لیکن جس ملک نے آئین کی پاسداری کی اس نے ہمیشہ کامیابی حاصل کی ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت دو جماعتوں کے زیر اہتمام اسلام آباد کے ریڈ زون میں ڈنڈا بردار لوگوں کواکٹھا کرکے جمہوریت کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں دراصل وہ ملک کو کمزور کرنے کی پالیسی پر بضد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح ڈنڈے اٹھا کر طاقت کے زور پر حکومت کو ختم کرنا اچھی بات نہیں ہے کل کوئی اور اس سے دگنی طاقت کا مظاہرہ بھی کرسکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس وقت دونوں جماعتیں جو بضد ہیں خدانخواستہ اگر کوئی افسوسناک واقعہ ہوا تو اسے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ ماڈل ٹاﺅن واقعہ کی تحقیقات ضرور ہونی چاہئیں لیکن وزیراعظم اور پارلیمنٹ کی برطرفی کا مطالبہ درست نہیں بلکہ جمہوریت کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کو اگر انتخابات میں دھاندلی کا شک ہے تو پھر قومی اسمبلی سے حلف کیوں لیا اور خیبرپختونخوا میں حکومت کیوں بنائی ۔ انہوں نے شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت ملک پشتونوں کا مقروض ہے مزید ان لوگوں کو بے گھر نہ کیا جائے ان لوگوں کو اپنے گھروں تک جلد پہنچایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ریڈ زون میں سیاسی پارٹیوں کے جلسے جلوس اور دھرنے بند کرنے کےلئے قانون سازی کی جائے اور ملک کے کسی بھی حصے میں جو بھی معدنیات وغیرہ نکلتی ہیں ان پر وہاں کے لوگوں کے حق کو تسلیم کیا جائے ۔

مزید :

علاقائی -