بادامی باغ گیس سلنڈر میں دھماکہ آتشزدگی سے 2 گاڑیاں اور ٹرانسپورٹ کا دفتر تباہ
لاہور(کرائم سیل)بادامی باغ کے علاقہ میں گیس سلنڈرمیں دھماکہ سے آگ بھڑک اٹھی ،2گاڑیاں ٹرانسپورٹ کا دفتر ،سمیت لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ ،بھگدڑ مچ گئی ،دھماکہ ایل پی جی سلنڈر روں کی ری فلنگ کے دوران ہوا ،دکان سیل، مالک فرار ہوگیا ،انتظامیہ کی دوڑیں ،ڈی سی او لاہور بھی موقع پر پہنچ گئے۔بتایا گیا ہے کہ بادامی باغ سبزی منڈی پھاٹک کے قریب درزیب خان نامی شخص نے میں ایل پی جی سلنڈروں کی دکان بنا رکھی ہے جہاں گیس فلنگ کے دوران مبینہ طور پر نامعلوم شخص نے گزرتے ہوئے سلگتا ہوا سگریٹ پھینک دیا جس کے باعث ایک سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا اور آگ بھڑک اٹھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے دکان میں موجود دیگر سلنڈر بھی وقفہ وقفہ سے پھٹنا شروع ہوگئے جس کے نتیجہ میں علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا، اس دوران قریب کھڑی ٹیوٹا ویگن نمبر آر آئی آر 5367،رکشہ اور ٹرانسپورٹ کا دفتر جل کر تباہ ہوگئے۔جبکہ عینی شاہدین کے مطابق دکان میں ایل پی جی کی ری فلنگ ہورہی تھی کہ سلنڈر میں اچانک دھماکہ ہوگیا دکان دار فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا ،پولیس نے دکان کو سیل کرکے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے کاروائی کا آغاز کردیا اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے گیس کی ری فیلنگ کا مذموم کاروبار جاری ہے ۔مظاہرین نے وزیر اعلی پنجاب سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر گیس کی ری فلنگ کی دکانوں کو رہائشی علاقوں میں سے نکالا جائے جس کی وجہ سے آئے روز ایسے واقعات معمول بن چکے ہیں ۔ ،اطلاع موصول ہوتے ہی ڈی سی او لاہور بھی موقع پر پہنچ گئے ۔ دیگر واقعات میں شاہدرہ کے علاقہ فرخ آباد میں پلاسٹک دانہ بنانے والے گودام میں آگ بھڑکنے کے باعث لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا ،گلبرگ کے علاقہ سیون اپ پھاٹک کے قریب فرنیچر کے گودام میں آتشزدگی کے باعث ہزاروں روپے مالیت کا فرنیچر جل کر خاکستر ہوگیا فائر برگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پالیا۔