محبوبہ سے بچنے کے لئے نوجوان کا انوکھا ترین بہانہ
مانچسٹر (نیوزڈیسک ) خاتون دوست سے جان چھڑانے کے لئے ایک برطانوی نے اپنے اغواءکا ڈراما رچا دیا۔ مذکورہ خاتون نے اپنے دوست کو فون کیا تو اس کی جگہ کسی لڑکی نے فون اٹھایا اور کہا کہ اگر وہ اپنا دوست واپس لینا چاہتی ہے، تو اسے 50 پاﺅنڈ تاوان ادا کرنا ہو گا۔ خاتون نے گھبراہٹ کے عالم میں پولیس کو فون کر دیا، جس پر اہلکاروں نے علاقہ میں لڑکے کی تلاش کے لئے وسیع پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا۔ دوران تفتیش پولیس نے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لیا تو اس نے انکشاف کیا کہ یہ صرف ایک ڈرامہ تھا کیوں کہ مذکورہ لڑکا اپنی خاتون دوست سے جان چھڑا کر ایک پارٹی میں جانا چاہتا تھا۔ جس پر مذکورہ شخص کی نشاندہی پر پولیس نے لڑکے کو برآمد کر لیا۔ اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے جب ہمیں فون کیا تو وہ بہت پریشان دکھائی دے رہی تھی، لیکن لڑکے نے اپنے اغواءکا ڈرامہ رچایا تھا۔