مضار بہ کمپنیاں اپنا کاروبار چھوٹے شہروں تک پھیلائیں ، ایس ای سی پی

مضار بہ کمپنیاں اپنا کاروبار چھوٹے شہروں تک پھیلائیں ، ایس ای سی پی

اسلام آباد( آن لائن ) ایس ای سی پی کے چئیر مین ظفر حجازی نے عوام تک اسلامی مالیاتی خدمات پہنچانے کے حوالے سے مضاربہ کمپنیوں کے کردار پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے مضاربہ کمپنیوں کو مشورہ دیا کہ پاکستان کے چھوٹے شہروں اور قصبوں میں بینکاری مصنوعات اور خدمات کے بڑے امکانات موجود ہیں لہذٰا مضاربہ کمپنیاں ان علاقوں میں اپنا دائرہ کار بڑھائیں۔ انہوں نے یہ بات غیر بینکار مالیاتی اداروں اور مضاربہ ایسوسی ایشن پاکستان کے نمائندوں سے ایس ای سی پی کے صدر دفتر میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مضاربوں کی کارکردگی اور ان کے حوالے سے وسیع تر امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ مضاربہ شعبہ کو درپیش مشکلات دور کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین ایس ای سی پی نے مضاربہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو مشورہ دیا کہ وہ قرض فراہم کرنے والے غیر روایتی شعبہ کی جگہ لینے کے لئے کردار ادا کریں۔ قرض فراہمی کا غیر روایتی شعبہ صارفین کو بہت زیادہ شرح پر قرض فراہم کرتا ہے جو کمزور طبقے کے بد ترین استحصال کا باعث ہے۔ انہوں نے نمائندوں سے کہا کہ وہ ایسے صارفین کے لئے شرعی اصولوں سے ہم آہنگ خدمات کی فراہمی کے لئے سر گرم کردار ادا کریں۔ ایسوسی ایشن نے مضاربوں کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جس میں اس شعبہ کی بڑھوتری، مارکیٹ کی کیپٹلائزیشن اور اس شعبے میں مزید امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ مضاربوں کے اسلامی مالیاتی نظام کی ترقی کے لئے کردار پر روشنی ڈالی گئی۔ مزید برآں چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کو مالیاتی سہولیات کی فراہمی نیز مضاربہ سرٹیفکیٹ کے حاملین کو حصہِ منقسمہ کی تقسیم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مضاربہ انضباطی فریم ورک کی مجوزہ ترامیم پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ ایسوسی ایشن نے ایس ای سی پی کی مجوزہ ترامیم کے ذریعے مضاربہ کی سر گرمیوں میں بہتری لانے کی کوششوں پر ایس ای سی پی کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا جس کے ذریعے اس شعبہ کی کارگزاری اور ساکھ میں بہتری آئے گی۔

ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شعبہ پاک چین راہداری منصوبہ حوالے سے مضاربہ کے زریعے کاروباری مواقع کا بھی جائزہ لیا۔ چیئرمین نے مضاربہ شعبے کی نمو کے لئے ایس ای سی پی کے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے مزید وسائل کے حصول اور کاروباری جدت لانے کے لئے شرکا ء سے ٹھوس تجاویز مرتب طلب کیں۔ نمائندوں نے چیئرمین ایس ای سی پی کو یقین دلایا کہ وہ درج بالا تجاویز پر دل جمعی سے کام کریں گے اور اپنے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لئے کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے ایبٹ آباد کے کیپٹل مارکیٹ ہب اورراولپنڈی میں اپنی شاخیں قائم کرنے کا وعدہ کیا جنہیں بعدازاں پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔

مزید : کامرس