ایل این جی درآمد کرنے کیلئے دوسرے ٹرمینل کے قیام کا منصوبہ نہایت خوش آئند ہے:فاؤنڈرز گروپ

ایل این جی درآمد کرنے کیلئے دوسرے ٹرمینل کے قیام کا منصوبہ نہایت خوش آئند ...

لاہور (کامرس رپورٹر) فاؤنڈرز گروپ لاہور چیمبر آف کامرس کے چیئرمین محمد اعجاز بٹ، سابقہ صدور ایل سی سی آئی فاروق افتخار، شاہد حسن شیخ، شیخ آصف اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبر فاؤنڈرز گروپ خواجہ خاوررشید نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں ایل این جی درآمد کرنے کیلئے دوسرے ٹرمینل کے قیام کا منصوبہ نہایت خوش آئند ہے، دوسرے ٹرمینل کے عمل میں آنے سے نہ صرف توانائی بحران مزید قابو میں آجائے گا بلکہ گیس کے موجودہ خسارے میں بھی 30 فیصد تک کمی آئے گی اور 3600 میگاواٹ کے نئے بجلی گھروں کو بھی ایل این جی ایندھن کے طور پر سپلائی کی جائے گی جسکا زیادہ فائدہ پاکستانی انڈسٹری کوہوگا۔

انہوں نے موجودہ حکومت کے ایل این جی منصوبے کو سہراتے ہوئے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستانی انڈسٹری میں بھی ایل این جی کی ڈیمانڈ بڑھتی جا رہی ہے انڈسٹری کا ایک بڑا حصہ ایل این جی پر منتقل ہو چکا ہے حکومت کو ایل این جی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے درآمدات میں مزید تیزی لانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے پاکستان اپنے توانائی بحران پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے مگر کامیابی نہیں پا سکا اس کی بڑی وجہ گیس و بجلی کی چوری ہے، حکومت کے کئی نئے ڈیمز منصوبے جاری ہیں جن کے مکمل ہونے تک انڈسٹری کی بڑی ضرورت ایل این جی پوری کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایل این جی نے پاکستانی انڈسٹری کو سہارا دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے،آئندہ چند سالوں میں پاکستان بھی مصر اور اردن کی طرح ایل این جی درآمد کرنے والے نئے بڑے ممالک کی فہرست میں شامل ہوجائے گا۔

مزید : کامرس