پاکستان سوفٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن ’’ڈیجیٹل پاکستان مہم 2020‘‘ کا انعقاد کریگی

پاکستان سوفٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن ’’ڈیجیٹل پاکستان مہم 2020‘‘ کا انعقاد ...

اسلام آباد(اے پی پی) پاکستان سوفٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پی ایس ایچ اے) کے چیئرمین سید احمد نے کہا ہے کہ پی ایس ایچ اے ’’ڈیجیٹل پاکستان مہم 2020‘‘ کا انعقاد کرے گی۔ پی ایس ایچ اے کے چیئرمین سید احمد نے وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر کے ساتھ ملاقات کے دوران بتایا کہ ڈیجیٹل مہم 2020ء سے نہ صرف 3 لاکھ پڑھے لکھے نوجوانوں کو باعزت روزگار مل سکے گا بلکہ سالانہ پاکستانی برآمدات میں 5 ارب ڈالر کا اضافہ بھی ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو آئی ٹی صنعت کے ایشوز کو کم کرنا چاہئے تاکہ اس شعبہ کو ترقی اور بہتری کے راستے پر گامزن کرکے معیشت میں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے دوسرے ممالک انڈونیشیا، ملائیشیا اور بھارت جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کے علم پر مبنی معیشت کا قیام عمل میں لا چکے ہیں اور پاکستان کو بھی اس طرح کے ماحول کو یقینی بنانے کیلئے ڈیجیٹل مہم 2020ء سے مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے پی ایس ایچ اے کی کاوشوں اور آئیڈیا کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت ہر ممکن مدد اور تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ٹی سمیت معیشت کے تمام شعبوں کی ترقی کیلئے پرعزم ہے۔

مزید : کامرس