فنی مہارت کا معیار بہتر بناکر سوفیصد روزگار کو یقینی بنائیں گے‘ذوالفقاراحمدچیمہ

فنی مہارت کا معیار بہتر بناکر سوفیصد روزگار کو یقینی بنائیں ...

لاہور(پ ر) نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ کی زیر صدارت ایک اہم ویڈیو کانفرنس منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد ہیڈ کوارٹر سمیت پشاور، کوئٹہ ، کراچی اور لاہور کے تمام ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر شریک ہوئے۔ اس موقع پر ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ دیانتداری ، معیار اور خدمت ہمارے ملازمین کے بنیادی اوصاف ہونے چاہئیں۔معیار‘ خدمت‘ ملازمت کے اہل ہونا اور باوقارروایات کو ہم نے Core Valuesکے طور پر اپنالیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فنی مہارت کے معیار کو بہتر بنانے سے ہی روزگار کے مواقع بہتر ہوں گے اور اس کیلئے دیانتداری بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے ۔اجلاس میں پرائم منسٹر یوتھ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام فیزIIIکے زیر تحت ہونے والی ٹریننگ اور تربیت فراہم کرنے والے اداروں کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کے معیار میں مزید بہتری لانے کیلئے مختلف اصلاحات پر غو ر کیا گیا ۔ذوالفقار چیمہ نے تمام افسران کو تاکید کی کہ زیر تربیت نوجوانوں کو درپیش مسائل کا فوری حل نکالاجائے اور وقت پر ماہانہ وظیفہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ اپنی ٹریننگ پر مکمل توجہ دے سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں نیوٹیک سے منسلک ٹیکنیکل ووکیشنل اداروں میں اس وقتMidterm Skill Competitions کروائے جارہے ہیں جس سے نہ صرف صحتمندانہ مقابلوں کو فروغ مل رہا ہے بلکہ تمام طلباء و طالبات جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں اور مختلف فنون میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کررہے ہیں جن سے ان کے ہنر میں مزید بہتری آئے گی ۔

مقابلوں میں اول، دوئم اور سوئم آنے والوں میں نقدانعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ ان مقابلوں میں مختلف انڈسٹری کے نمائندے بھی شرکت کررہے ہیں اور نوجوانوں کو موقع پر روزگار کی پیشکش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے Batchکی ٹریننگ کے اختتام پر ملکی سطح پر Skill Competitionمنعقد کروائے جائیں گے ، ریجنل ڈائریکٹر جنرلز نے ٹریننگ کے اختتام پر امتحان لینے کے طریقۂ کار کے بارے میں تجاویز دیں ، جن پر سیر حاصل بحث کی گئی ۔

ذوالفقار چیمہ نے بتایا کہ پرائم منسٹر یوتھ اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے دوسرے Batchکی ٹریننگ نومبرکے آخری ہفتے میں شروع کردی جائے گی جس میں مزید 25000نوجوانوں کو جدید فنون میں تربیت دی جائے گی جن میں زراعت، فوٹو گرافی ، سیرامکس، میڈیا ٹریننگ ، لیدر ، جہاز سازی، میسنری، سیکورٹی گارڈ ، ڈرائیور ، ، سیلز ورکر، ٹیکسٹائل ، فین اور فرنیچر کے فنون کو خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف معروف انڈسٹریز کے اشتراک سے جلد پیرا میڈیکس اور فارماسیوٹیکلز کے ایک سال کے کورسز شروع کروائے جائیں گے جس سے روزگار کے مواقع مزید بہتر ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اگست کے اختتام تک لاہور اور کراچی میں بھی جاب پلیسمنٹ سینٹر قائم کردیئے جائیں گے تاکہ تربیت یافتہ نوجوانوں کی بروقت رہنمائی کی جائے اور ان کے روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

مزید : کامرس