بینک آف خیبر نے 2016کی پہلی ششماہی میں 1ارب 2کروڑ 10لاکھ روپے سے زائد منافع بعد از ٹیکس کمایا

بینک آف خیبر نے 2016کی پہلی ششماہی میں 1ارب 2کروڑ 10لاکھ روپے سے زائد منافع بعد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر)بینک آف خیبر نے 30جون2016کو ختم ہونیوالی سال رواں کی پہلی ششماہی میں1ارب 2کروڑ10لاکھ روپے سے زائد کا منافع بعد از ٹیکس کمایا جو کہ گزشتہ سال کے اسی مدت کے دوران کمائے گئے بعد از ٹیکس منافع 71کروڑروپے سے 44فیصد زیادہ ہے۔ 2016کی پہلی ششماہی کے مالیاتی نتائج صوبہ خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین محمد اعظم خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تفصیلاََ جائزہ کے بعد منظور کئے گئے۔ اجلاس میں بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر شمس القیوم،صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری مالیات جناب علی رضا بھٹہ اراکین بورڈ مقصود اسماعیل احمد،اسد محمد اقبال،جاوید اختر، راشد علی خان نے شرکت کی۔ اس موقع پر بینک کے چیف فنانشل آفیسر راحت گل بھی شریک اجلاس تھے۔اجلاس میں بینک کے چیئرمین محمد اعظم خان نے بینک کی مجموعی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا اور بینک کے تمام شعبہ جات میں مسلسل کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت کی۔
بورڈ کو بتایا گیا کہ سال رواں کی پہلی ششماہی میں بینک کا آپریٹنگ منافع2ارب 10کروڑ 9لاکھ روپے سے زیادہ کاہے جو کہ سال 2015 کی اسی مدت کے دوران1ارب 61کروڑ روپے تھا۔سال رواں منافع میں اضافہ کی شرح 31فیصد رہی۔ بورڈ کو مزید بتایا گیا کہ بینک آف خیبر کے کل اثاثہ جات 30جون 2016 کو 175ارب روپے سے زیادہ ہیں جو کہ 2015کی اسی مدت میں142ارب روپے تھے۔سال رواں بینک کے اثاثہ جات میں اضافہ کی شرح 23فیصد رہی۔ اسی طرح 30جون2016تک بینک نے کُل106ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے جو کہ سال2015کی اسی مدت کے دوران 83ارب روپے تھی۔ اس موقع پر بورڈ کے چیئرمین محمد اعظم خان نے انتظامیہ کی مسلسل مثبت کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے سال2016میں شاخوں کے قیام کی اجازت پر بطریق احسن عمل کرتے ہوئے شاخوں کے قیام کو بروقت ممکن بنایا جائے تا کہ بینک کے دائرہ کار میں مزید وسعت سے بینک کی خدمات اور سہولیات سے زیادہ سے زیادہ صارفین مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے مزید کہا اسی طرح محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے ہم صوبہ خیبر پختونخوا میں بالخصوص اور وطن عزیز میں بالعموم اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال رواں کے پہلے 6ماہ میں 1ارب 2کروڑ 10لاکھ روپے سے زائد کابعد از ٹیکس منافع بینک آف خیبر پر صارفین کے اعتماد کا مظہر ہے۔

مزید :

کامرس -