وزیر اعظم کی جانب سے سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی لائق تحسین ہے

وزیر اعظم کی جانب سے سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی لائق تحسین ہے

کراچی( اکنامک رپورٹر )ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے برامدکنندگان کو سیلز ٹیکس ریفنڈ کی مد میں 21.44 ارب روپے کی ادائیگی لائق تحسین ہے جس سے برامدی شعبہ مستحکم ہو گا جبکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا۔ موجودہ حکومت کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے جس کا اعتراف درجنوں بین الاقوامی ادارے بھی کر چکے ہیں۔ عبدالرؤف عالم نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کاروباری برادری کا حوصلہ بڑھانے کیلئے مزید اقدامات کریں تاکہ وہ پیداوار، برامدات اور روزگار بڑھا کرملکی ترقی میں اپنا کردار بخوبی ادا کر سکیں۔ انھوں نے کہا کہ ملکی معیشت ترقی کر رہی ہے، امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جبکہ دہشت گرد اور ملک دشمن عناصر کیلئے زمین تنگ کر دی گئی ہے جو موجودہ حکومت کا کارنامہ ہے۔ سالانہ محاصل 3100 ارب روپے تک جا پہنچے ہیں، لوڈشیڈنگ اور افراط زر کم ہو رہا ہے، حکومت کے وسائل اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے جس نے مقامی کرنسی کو استحکام بخشا ہے۔ ایف پی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ امن سے بیرونی سرمایہ کاری آئے گی جبکہ بجلی کی پیداوار بڑھنے سے جی ڈی پی بڑھے گا۔ملک بھر میں موٹر ویز اور ایکسپریس ویز کا جال بچھایا جا رہا ہے جبکہ اقتصادی راہداری ملک کی لایا پلٹ دیگی۔دریں اثناء یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سیکرٹری جنرل زبیر طفیل نے حکومت کی جانب سے ریفنڈز کی ادائیگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا جبکہ برامدی شعبہ میں جان پڑ جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اکتوبر تک تمام ریفنڈز ادا کرنے پر غور کرے

تاکہ برامدکنندگان سرمائے کی قلت کا شکار نہ ہوں اور برامدات میں اضافہ یقینی بنایا جا سکے جو معیشت کے استحکام کی بنیادی شرط ہے۔ ۔#/s#

مزید : کامرس