نرسنگ کے شعبہ کی ری سٹرکچرنگ کیلئے کام کررہے ہیں،نجم احمد شاہ

نرسنگ کے شعبہ کی ری سٹرکچرنگ کیلئے کام کررہے ہیں،نجم احمد شاہ

لاہور( جنرل رپورٹر )سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجو کیشن پنجاب نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں نرسنگ کے شعبہ کی ری سٹرکچرنگ، ڈی جی نرسنگ آفس کو مضبوط کرنے ، نرسوں کی بہتر ورکنگ ماحول کی فراہمی ، کیپسٹی بلڈنگ ،اعلیٰ تعلیمی مواقعوں کی فراہمی اور ہسپتالوں میں نرسوں کی تعداد میں اضافے کیلئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ، آئین میں اٹھارویں ترمیم کے تحت پنجاب نرسنگ کونسل تشکیل دینے پر اصولی طور پر اتفاق کر لیا ہے اور آنے والے دنوں میں ڈی جی نرسنگ کو ایک با اختیار ادارہ بنایاجائے گا جو اپنے فیصلے خود کر سکے گا ۔ انہوں نے یہ بات پنجاب میں نرسنگ کے شعبہ کی ری سٹرکچرنگ اور ڈی جی نرسنگ کے ادارہ کو با اختیار بنانے کے سلسلہ میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کہی ۔ اجلاس میں ٹی آر ایف پلس کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر احسان اللہ ترین ، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ اسد نعیم ، ڈائریکٹر جنرل نرسنگ نصرت سعیدہ ، پرو فیسر سید محمد اویس ،ڈاکٹر فوزیہ وقار ، مس سیدہ مریم خالد شعبہ پلاننگ کے آفیسرز نے شرکت کی اجلا س میں نرسنگ شعبہ کی ری سٹرکچرنگ کے بارے پروفیسر اویس نے بریفنگ دی ۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجو کیشن نجم احمد شاہ نے کہا کہ صوبے میں نرسنگ سروسز کو بہتر بنانے کیلئے نرسنگ شعبہ کو ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایت پر فوری اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کے نرسنگ کے ٹیچنگ پروفیشن کو اعلیٰ معیار پر لے کر جائیں گے اور نرسز کیلئے تعلیمی نصاب کو بہتر بنانے کے ساتھ بی ایس سی ، ایم ایس سی ، ایم فل اور Ph.Dنرسنگ کے وسیع مواقع پیدا کئے جائیں گے تاکہ پاکستان میں نرسنگ کا شعبہ انٹر نیشنل معیار پر پورا اتر سکے ۔ نجم احمد شاہ نے کہا کہ بہتر ماحول ،کیپسٹی بلڈنگ ،ایفی شنسی بڑھانے کے ساتھ نرسز کوبااختیار بنایا جائے گا اور انکی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ کیا جائے گا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1