محکمہ اوقاف کے کرپٹ ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

محکمہ اوقاف کے کرپٹ ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

 لاہور(محمد نواز سنگرا)محکمہ اوقاف میں کرپٹ عناصر کے خلاف شکنجہ تیار ،قبضہ مافیا،درباروں پر رقم خوردبرد کرنے والے اور گھوسٹ ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔محکمے کو نقصان پہنچانے والے اور سفارشیوں کے خلاف قانونی کارروائی کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔کمرشل اور زرعی زمینوں ،پارکنگ سٹینڈ ،پاپوش،پھولوں اور دیگر چیزوں کے شفاف ٹھیکہ جات سے محکمے کی آمدن میں اضافہ کیا جائے گا۔محکمے میں سیاسی مداخلت کے خاتمے پر بھی بھر پور کام کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف و مذہبی امور میں کرپشن کے خاتمے اور تخریب کار عناصر سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ایسے ملازمین جو سفارش کی بنیاد پر کسی زون میں تعینات ہیں ان کی من پسند تعیناتی کو ختم کیا جائے گا ،معلوم ہو اہے کہ سیکرٹری و ایڈمنسٹر نواز ش علی نے فیصلہ کیا ہے کہ درباروں پر رقم خور د برد کرنے والے ملازمین کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا اور کرپشن ثابت ہو جانے پر ملازمین کو نوکر ی سے برخاست بھی کیا جا سکتا ہے۔مزارا ت اور مساجد کی سیکیورٹی سخت کرنے کے ساتھ ساتھ گلوں سے پیسے چوری کرنے والے اور زائرین سے رقم بٹورنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ محکمے کی زمینوں کو قبضہ مافیا سے ہر صورت میں واگزار کرایا جائے اور قابضین کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔محکمے کے آثاثہ جات کے ٹھیکوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ٹھیکوں سے آمدن میں اضافہ کیا جائے گا۔اس حوالے سے سیکرٹری اوقاف نوازش علی نے بتایا کہ کرپش کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1