’’کھوئے ہووٗں کی جستجو‘‘ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی بطور مہمان شرکت

’’کھوئے ہووٗں کی جستجو‘‘ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی بطور مہمان شرکت
’’کھوئے ہووٗں کی جستجو‘‘ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی بطور مہمان شرکت

  


لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان ٹیلی ویژن سے پروگرام’’کھوئے ہووٗں کی جستجو‘‘میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسیّد خورشید شاہ کی بطور مہمان شرکت کو ناظرین نے بہت سراہا۔اس پروگرام میں اپوزیشن لیڈرسیّدخورشید شاہ کے بچپن اورجوانی کے دریچوں کو بڑے احسن اور شگفتہ انداز میں کھولا گیا ہے اوران کے ساتھ جڑی سندھی ثقافت کی ماضی سے جڑی روایات اور داستانوں کو کھوجنے کی نایاب جستجو کی گئی ۔چیئرمین پی ٹی وی عطاالحق قاسمی نے ایک موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ٹیلی ویژن ایک قومی چینل ہے اور اس ادارے پرہرپاکستانی کا حق ہے ۔انہوں نے ناصرف آج اپنے پروگرام میں اپوزیشن لیڈر کو عزت بخشی بلکہ پی ٹی وی کی خبروں اور ٹاک شوز میں بھی اپوزیشن رہنماوں کی شمولیت کو یقینی بنا یا ہے ۔ پروگرام’’کھوئے ہووٗں کی جستجو‘‘میں اپوزیشن لیڈرسیّد خورشید شاہ نے اپنے ماضی کو کھوجتے ہوئے بہت سے واقعات سنائے ۔انہوں نے بتایا کہ بچپن میں وہ بہت معصوم ہوتے تھے،پٹھوگول گرم اورباکسنگ کھیلنا پسند کرتے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ باکسنگ کھیلتے ہوئے پہلے روزہی انہیں ایسا مکّا پڑا کہ بے ہوش ہو گئے ۔ خورشید شاہ نے بتایا کہ وہ بزرگوں کی محافل میں بھی وقت گزارتے تھے اور محفل میں ہنسنا معیوب سمجھا جاتا تھا ۔انہوں نے ہلکے پھلکے اور شگفتہ انداز میں گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ انہوں نے سب سے پہلے ’’پونم‘‘ فلم دیکھی،جبکہ تلاش، چکوری ،ارمان اور چھوٹے صاحب ان کی پسندیدہ فلمیں تھیں ۔انہوں نے اپنی کوکنگ کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ دال ایسی بناتے ہیں کہ اس کا کوئی مقابلہ نہیں،سجی اور کریلا گوشت بھی اچھا بنالیتے ہیں۔ اس پروگرام میں معروف کالم نگار،ادیب ،شاعر اور لکھاری عطاالحق قاسمی بحیثیت تجزیہ نگار حصہ لیتے ہیں۔ اس پروگرام میں بنیادی طور پر ہماری کھوئی ہوئی اقدار،روایات اورثقافت کی تلاش اور انہیں نئی نسل سے روشناس کروانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ پروگرام کی میزبانی کے فرائض فائزہ بخاری نے ادا کئے۔

جبکہ سکرپٹ لکھنے کی ذمہ داری ابرار ندیم نے نبھائی۔یہ پروگرام پروڈیوسر عمر خان کی پیشکش ہے ان کی معاونت مشا عمر خواجہ کر رہی ہیں ۔

مزید : کلچر