شہریارخان ون ڈے سیریز دیکھنے کیلئے انگلینڈ پہنچ گئے
لندن (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان ون ڈے سیریز دیکھنے کیلئے انگلینڈ پہنچ گئے ۔ اس سے قبل ٹیسٹ سیریز کے دوران شہریار خان پانچ ہفتے انگلینڈ میں موجود رہے ۔82 سالہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کہیں بھی سفر کرنے سے گھبراتے نہیں ۔ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ سفر سے انہیں تھکاوٹ نہیں ہوتی ۔حالانکہ دو برس قبل جب انہوں نے چیئرمین کا عہدہ سنبھالا تو اعلان کیا تھا کہ وہ اب لمبی مسافت طے نہیں کر سکتے ۔ صرف ضروری جگہوں پر جائیں گے لیکن دو برسوں میں شاید کوئی غیر ضروری جگہ ہی نہیں آئی اس لیے وہ ہر جگہ گئے۔
شہریار خان پانچ ہفتے انگلینڈ میں رہے ، ٹیسٹ میچز دیکھے اور اب وہ ون ڈے میچز دیکھنے کیلئے انگلینڈ میں موجود ہیں۔شہریار خان کولمبو میں اے سی سی کے اجلاس میں شرکت کے بعد انگلینڈ گئے ۔ ذرائع کے مطابق سیریز کے دوران اہم شخصیات نے اسٹیڈیمز میں آنا ہے اس لیے شہریار خان کی وہاں موجودگی ضروری ہے۔