دہشتگردانہ واقعات ہوںیابیان مرکزایک ہی ہے،طاہرالقادری

دہشتگردانہ واقعات ہوںیابیان مرکزایک ہی ہے،طاہرالقادری

لاہور (آن لائن) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے ایشوز پر اتنے بے حس اور مجرمانہ سوچ کے حامل حکمران پہلے کبھی نہیں دیکھے۔ قصاص اور سا لمیت پاکستان کی تحریک اب نہیں رکے گی۔ آج جنوبی پنجاب میں میدان لگے گا ۔ڈی جی خان میں درجنوں اضلاع کے عوام احتجاج کرینگے اور دھرنا دینگے۔ اجلاس میں چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، خرم نواز گنڈاپور، احمد نواز انجم، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، بریگیڈیئر(ر) محمد مشتاق، نوراللہ صدیقی و دیگر رہنما شریک تھے۔اجلاس میں عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما احمد نواز انجم نے سربراہ عوامی تحریک کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج 25 اگست ڈی جی خان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ،سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ، سردار شاکر مزاری احتجاجی ریلی اور دھرنے کی قیادت کرینگے جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب دوست محمد کھوسہ اور پی ٹی آئی کے ایم این اے سردار سیف الدین کھوسہ خصوصی شرکت اور خطاب کرینگے۔احتجاجی ریلی ڈی جی خان فیصل مسجد سے شروع ہو کر ٹریفک چوک پر اختتام پذیر ہو گی۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے واقعات ہوں یا دہشتگردانہ بیانات یہ سب ایک ہی سلسلے کی کڑیاں اور تسلسل ہے۔ان سازشی زلزلوں کا مرکز بھی ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے ہر طرف سے وار ہورہے ہیں ،پاکستان کو توڑنے کی گریٹ گیم کے راستے کی واحد رکاوٹ پاکستان کی فوج اور اس کے محب وطن عوام ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹیٹ بینک کی دستاویز نے بتادیا ہے کہ دنیا بھر میں پٹرول کی قیمتوں میں 70فیصد کمی ہوئی جبکہ پاکستان میں صرف 35فیصد قیمتیں کم ہوئیں پاکستان کے عوام سے تین سال سے پٹرولیم مصنوعات کی مد میں حکومت 35فیصد بھتہ لے رہی ہے۔ یہ حکمران نہ غریب کے دوست ہیں اور نہ ملک کے خیر خواہ ہیں۔

مزید : صفحہ آخر