ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا: ممنون حسین

ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک نے مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ...

اسلام آباد(آن لائن) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ایوان صدر میں ترک سرمایہ کار کمپنی کے او سی ہولڈنگ کے صدر فتحی کمال ابیکلی اوگلو کی قیادت میں ترکی کے بڑے سرمایہ کار گروپ کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں ترکی کے سفیر صادق بابرگرگن بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہت بہتر ہو گئی ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو حکومت تمام تر سہولیات مہیا کررہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں اپنا سرمایہ لگا رہے ہیں اور اس سے پاکستان کے زرمبادلہ میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔ یہ پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک نے ہرمشکل گھڑی میں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ترکی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر نی چاہیے تاکہ ان تعلقات میں مزید اضافہ ہو سکے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں سرمایہ کاری صلاحیت سے کم ہے جس میں کافی حد تک اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بجلی کی پیداوار اور تعمیری منصوبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جس میں ترکی کے سرمایہ کار اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ صدر مملکت نے وفد پر زور دیا کہ وہ دوسرے سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کریں۔ وفد کے سربراہ اور کے او سی ہولڈنگ کے صدر فتحی کمال ابیکلی اوگلونے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ ترکی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف متوجہ کریں گے۔

مزید : صفحہ آخر