امتیازشیخ نے سندھ اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا

امتیازشیخ نے سندھ اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی میں شمولیت کے بعد امتیازاحمد شیخ نے فنکشنل لیگ کے پلیٹ فارم سے صوبائی اسمبلی کی سیٹ سے بھی استعفی دے دیاہے۔تفصیلات کے مطابق امتیاز شیخ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران انہوں نے اپنا استعفی پیش کیا، جسے اسپیکر سندھ اسمبلی نے منظور کرلیا ہے۔ امتیاز شیخ وزیراعظم کے معاون خصوصی کی حیثیت سے بھی مستعفی ہوگئے ہیں۔اس موقع پراسپیکر آغاسراج درانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد کی تقاریر کو مذمت کی تھی،جو پاکستان کے خلاف بولے کا ہم اس کی مخالفت کرینگے۔سب سے پہلے ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان کے خلاف کچھ بھی برداشت نہیں کریں گے۔ امتیازشیخ نے میڈیاسے بات چیت میں کہاکہ ایم کیو ایم قائد کے بیانات کوبچے بچے نے رد کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ شکار پور کے حلقے سے دوبارہ ضمنی انتخابات لڑیں گے لیکن انتخاب میں تیرکے نشان پر لڑوں گا۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی بڑی پارٹی ہے، یہاں کام کرنے کے مواقع زیادہ ہیں۔یاد رہے کہ امتیاز شیخ نے گزشتہ روز وزیراعلی ہاؤس میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں باقاعدہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔واضح رہے کہ فنکشنل لیگ کے رہنما نے لندن میں چیئرمین پیپلزپارٹی اور اعلی قیادت سے ملاقات کے بعد پی پی کا حصہ بننے کا اعلان کیا تھا، امتیاز شیخ اور مسلم لیگ فنکشنل کے صوبائی صدر صدر الدین شاہ سے تعلقات سرد مہری کا شکار تھے، جس کے بارے میں انہوں نے اعلی قیادت کو بھی آگاہ کیا تھا تاہم قیادت کی جانب سے ان کے تحفظات دور نہیں کیے گئے تو انہوں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔

مزید : کراچی صفحہ اول