کسانوں کو جعلی زرعی ادویات بنانے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا ، شیباز شریف

کسانوں کو جعلی زرعی ادویات بنانے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا ، ...

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت پنجاب زرعی کمیشن کاپہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں کسان پیکیج پر عملدر آمد اورکسانوں کی فلاح وبہبود کے اقدامات پر پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔وزیر اعلی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کاشتکاروں سے زرعی کمیشن کے قیام کا وعدہ کیا تھا جو کہ دیگر وعدوں کی طرح پورا کر دیا گیا ہے اور پنجاب حکومت نے زراعت کی ترقی کسانوں کی خوشحالی اورزرعی پالیسی مرتب کرنے کیلئے پنجاب ایگریکلچرکمیشن تشکیل دے دیا ہے۔پنجاب ایگریکلچرکمیشن مکمل طورپر خود مختار ہوگا اورپنجاب ایگریکلچرکمیشن کا علیحدہ سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا۔ ہم نے اپنے وعدے کے مطابق ایگر یکلچر کمیشن میں کاشتکاروں کوبھرپور نمائندگی دی ہے ۔کسانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لئے یہ کمیشن ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور کاشتکار تنظیموں کے نمائندوں کی مشاورت سے فیصلے کئے جائیں گے جن پر فوری عملدرآمد بھی ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکار کے حقوق کے تحفظ کے لئے اس کمیشن کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے ۔ وزیر اعلی نے کمیشن کو متحرک اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے سب کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خوراک ،لائیوسٹاک،آبپاشی اور زراعت کے حوالے سے سب کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ان سب کمیٹیوں کے لئے بہترین افراد کا انتخاب کیا جائے کیونکہ اس کمیشن کو ہم نے ملکر متحرک اور فعال بنانا ہے اور کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں زرعی پالیسی مرتب کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے زرعی پالیسی کی تیاری کے لئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کمیٹی میں کاشتکاروں کی تنظیموں کے نمائندوں کو زرعی کمیشن کی طرز پر زیادہ نمائندگی دی جائے گی تا کہ زرعی پالیسی کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت شامل ہو۔انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ زرعی پیداوارمیں اضافے اور چھوٹے کاشتکار کی خوشحالی کیلئے تاریخ ساز کسان پیکیج دیا گیا ہے اورکسان پیکیج کی ایک ایک پائی حقداروں تک پہنچائی جائے گی۔کسان پیکیج کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کو بلا سود قرضے دےئے جائیں گے اور پہلی بارایسے چھوٹے کسانوں کو بھی بلاسود قرضے دیئے جائیں گے جو زمین کے مالک نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کو ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اورملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسانوں کو اربوں روپے کا پیکیج دیا ہے۔کسانوں کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں ۔اربوں روپے کے غلے کے ضیاع کو روکنے کیلئے جدید سائیلوز بنانا ضروری ہے ۔وزیراعلی نے جعلی زرعی ادویات کے کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے سیکرٹری زراعت کو ہدایت کی کہ زرعی جعلی ادویات کے خاتمے کو ہر قیمت میں یقینی بنایا جائے ۔سادہ لوح کسانوں کو جعلی زرعی ادویات بنانے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا اورآئندہ چار ماہ میں صوبے بھر سے جعلی زرعی ادویات کے کاروبار کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کے حوالے سے سمال فارمرز ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے قیام کی تجویز اچھی ہے لہذا اس تجویز کاجائزہ لیا جائے اور حتمی سفارشات پیش کی جائیں کسان اتحاد خالد کھوکھر گروپ کے صدر خالد کھوکھر اور دیگر کاشتکار تنظیموں کے نمائندوں نے تاریخ ساز کسان پیکیج دینے اور زرعی کمیشن کے قیام کا وعدہ پورا کرنے پر وزیر اعلی شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی نیت صاف ہے اورآپ نے زراعت کی ترقی اورچھوٹے کاشتکاروں کی فلاح کیلئے قابل قدر اقدامات کیے ہیں ۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ خان،ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،ڈاکٹر فرخ جاوید،یاور زمان ،مشیر لائیوسٹاک چوہدری ارشدجٹ،چیف سیکرٹری،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اورکسان تنظیموں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلبا و طالبات کے لئے کیرےئر کونسلنگ پروگرام شروع کرنے کی تجویز کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے دوران طلبا و طالبات کیلئے کیرےئر کونسلنگ عملی میدان میں مدد گار ثابت ہوتی ہے اور کیریئر کونسلنگ کا پروگرام طلبا و طالبات کی پروفیشنل زندگی میں بھی معاونت کرتا ہے، لہٰذا پروگرام کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اس کے اجراء کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے اور ماہر تعلیم ڈاکٹر امنیہ احمد خان(Dr. Umneea Ahmad Khan) کی آسٹریلیا کی یونیورسٹی میں طلباء کی کیرےئر کونسلنگ پروگرام کے ماڈل کابھی جائزہ لیا جائے۔ وزیراعلیٰنے کہا کہ پنجاب میں تعلیمی شعبہ کی بہتری کیلئے انقلابی اصلاحات کی گئی ہیں جو بارآور ثابت ہو رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے کم وسیلہ خاندانوں کے ذہین بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں۔کیرئیر کونسلنگ کے شعبہ کی ماہرڈاکٹر امنیہ احمدخان نے طلبا و طالبات کی کیرےئر کونسلنگ پروگرام کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔ انہوں کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کررہے ہیں۔تعلیمی شعبے کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات دورس نتائج کے حامل ہیں۔اجلاس میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، چیئرمین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین اورڈی جی پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے شرکت کی۔

مزید : کراچی صفحہ اول