ٹی وی آرٹسٹ کے بیٹے کا مفت علاج کروایا جائے گا۔شہرام تراکئی

ٹی وی آرٹسٹ کے بیٹے کا مفت علاج کروایا جائے گا۔شہرام تراکئی

پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر صحت شہرام خان تراکئی نے پشاور کی معروف اور صدارتی ایوارڈ یافتہ ٹی وی آرٹسٹ نوشابہ کے اکلوتے بیٹے کی بیماری سے متعلق میڈیا رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو ان کے بیٹے کی مفت علاج معالجے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی ہے۔ وزیر موصوف کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبر پختونخوا ڈاکٹر پرویز کمال نے گزشتہ روز سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کرکے نوشابہ اور ان کے بیٹے سے ملاقات کی جو گردوں کی بیماری کی وجہ سے مذکورہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ڈی جی ہیلتھ نے صوبائی وزیر کی طرف سے نوشابہ کو ان کے بیٹے کا اعلاج انسٹیٹوٹ آف کڈنی ڈیزسز میں مفت کروانے اور گردوں کی پیوندکاری پر آنے والے اخراجات سرکاری سطح برداشت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز ٹی وی چینلز نے اپنی رپور ٹس میں بتایا تھا کہ معروف ٹی وی آرٹسٹ کا اکلوتا بیٹا گردوں کے عارضے میں مبتلا ہے اور انہیں گردوں کے پیوندکاری کی ضرورت ہے مگر وہ معاشی تنگدستی کی وجہ سے یہ اخراجات برداشت نہیں کر پارہی ہے۔نوشابہ نے حکومت سے اس کے بیٹے کا مفت علاج کرنے کی اپیل کی تھی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر