استر زئی میں سرچ آپریشن ،2 اشتہاری سمیت 8 مشتبہ گرفتار

استر زئی میں سرچ آپریشن ،2 اشتہاری سمیت 8 مشتبہ گرفتار

کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ استرزئی تھانہ کی حدود میں سرچ آپریشن کے دوران دو اشتہاری مجرمان سمیت آٹھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔زیر حراست افراد سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ میں امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی سرکوبی کیلئے جاری سرچ اینڈسٹرائیک آپریشن کے تسلسل میں پولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے ایس ایچ او تھانہ استرزئی انسپکٹر کیڈٹ ناظر حسین کی قیادت میں علاقائی حدود کے علاقوں مرئی بالا ،مٹھا خان اور مرئی پایاں میں کاروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات پر اچانک چھاپے مارے اور ان چھاپہ مار کاروائیوں اور سرچ آپریشن کے نتیجے میں پولیس نے سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب دو اشتہاری مجرمان سمیت آٹھ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دو پستول ،درجنوں کارتوس اور گیارہ سو گرام چرس برآمد کرلئے۔ پولیس نے گرفتار افراد کو مزید پوچھ گچھ کیلئے تھانہ استرزئی منتقل کردیا جہاں اسلحہ و منشیات رکھنے کے جرم میں زیر حراست بعض افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر