چوبیس گھنٹوں میں تین بریفنگ ، تینوں لاجواب

چوبیس گھنٹوں میں تین بریفنگ ، تینوں لاجواب
چوبیس گھنٹوں میں تین بریفنگ ، تینوں لاجواب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تجزیہ : ایثار رانا

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کی پریس کانفرنس گو بطور وفاقی وزیر ان کی پہلی باضابطہ بریفنگ تھی، تاہم انہوں نے جس پروفیشنل انداز میں گفتگو کی، وہ اس بات کی نوید ہے کہ آنے والے دنوں میں ان کی وزارت پیشہ وارانہ انداز میں معاملات کو چلائے گی۔ قبل ازیں مختلف حلقوں میں وزارت اطلاعات کے حوالے سے سرگوشیاں گردش کرتی رہی ہیں، تاہم ان کے آج کے واضح اعلان سے کہ وزارت کو بند نہیں کیا جا رہا، یہ سلسلہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوگیا۔ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں نئی حکومت کے تین اہم وزراء نے صحافیوں سے گفتگو کی۔ وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چودھری نے گو اپنی اپنی وزارتوں کے حوالے سے بات کی، لیکن تینوں میں ایک بات مشترکہ تھی کہ نئی حکومت ایک واضح سوچ بلکہ مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتری ہے اور انہیں ناصرف بے شمار چیلنجز کا ادراک ہے بلکہ وہ اس حوالے سے ایک واضح منصوبہ بندی بھی رکھتے ہیں۔ امریکہ کے مسئلہ پر جس طرح شاہ محمود قریشی نے جرأت مندانہ انداز اپنایا، اس کی ایک عرصہ سے ضرورت محسوس کی جا رہی تھی۔ وزیراعظم عمران خان کی خارجہ امور میں دلچسپی پاک امریکہ تعلقات میں کشیدگی اور وزیر خارجہ پومپیو کے بیان پر پاکستان کے سخت موقف سے ایک بات واضح ہوگئی کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحہ پر ہے، یہ ایک خوش آئند بات ہے۔ ماضی میں امریکہ کے حوالے سے سیاسی وعسکری قیادت میں اختلاف سے کسی کا نہیں، پاکستان کا نقصان ہوا۔ ڈان لیکس سے لے کر حکومت کے خاتمے تک عام پاکستانی پریشان رہا۔ تاہم اب یہ بات سکون کا باعث ہے کہ پاکستان کی قومی قیادت نہ صرف ایک پیج پر ہے بلکہ وہ بہادری سے چیلنجز کا مقابلہ کرنے پر تیار ہے۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری پہلی بار اہم ذمہ داری پر براجمان ہوئے ہیں، لیکن وہ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار ہیں، اور ضرورت بھی اسی بات کی ہے کہ وزارت اپنے پیاروں اور غلاموں میں تقسیم کرنے کے بجائے ٹیلنٹڈ تعلیم یافتہ اور عمران خان کے ویژن کو لے کر آگے بڑھنے والوں کو سامنے لایا جائے۔ قوم اس حکومت سے بہت توقعات رکھتی ہیں اور یہ توقعات تب ہی پوری ہوگی، جب عمران خان کی ٹیم میں عمران کی طرح صدق دل سے پاکستان کی خدمت کرنے کا عزم رکھتی ہو۔

مزید :

تجزیہ -