دنیا کی نظریں گوادر پر مرکوز،مقامی آبادی کے مفادات کو ہر صورت تحفظ دینا حکومت کی پالیسی اور اولین ترجیح ہے:وزیراعلیٰ بلوچستان

دنیا کی نظریں گوادر پر مرکوز،مقامی آبادی کے مفادات کو ہر صورت تحفظ دینا ...
دنیا کی نظریں گوادر پر مرکوز،مقامی آبادی کے مفادات کو ہر صورت تحفظ دینا حکومت کی پالیسی اور اولین ترجیح ہے:وزیراعلیٰ بلوچستان

  


گوادر(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ اس وقت تمام دنیا کی نظریں گوادر پر مرکوز ہیں، سرمایہ کار گوادر آنا چاہتے ہیں، ہم نے گوادر میں پرامن اور سرمایہ کار دوست ماحول دینا ہے، گوادر کی ترقی میں مقامی آبادی کے مفادات کو ہر صورت تحفظ دینا حکومت کی پالیسی اور اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ضلع اور ڈویژنل افسران کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کمشنر مکران ڈویژن، ڈی آئی جی مکران رینج سمیت تمام محکموں کے ضلعی سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی اور اجلاس کو اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی، امن کی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی محکمے اور ضلعی افسران عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں کی معیاری اوربروقت تکمیل کے ہدف کو حاصل کیا جائے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اساتذہ اور ڈاکٹروں کی غیر حاضری کسی صورت قابل قبول نہیں، غیر حاضر اساتذہ او رڈاکٹروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ جام کمال نے سیکیورٹی اداروں کو ہر دم مستعد اور متحرک رہتے ہوئے مکران ڈویژن میں امن کے قیام اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ جام کمال خان نے گوادر سمیت تمام اضلاع میں منشیات اور نشہ آور اشیاء کے تدارک اور اس کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ افراد معاشرے کے ناسورہیں جو ہماری نسلوں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جنہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا۔صوبائی وزیر میر ظہوراحمد بلیدی بھی اجلاس میں شریک تھے۔

مزید : علاقائی /بلوچستان /گوادر


loading...