یو اے ای کے بھارت سے اپنے تعلقات ،بین الاقوامی تعلقات کا معاملہ جذبات سے بالاتر ہوکر دیکھناہوگا ، وزیر خارجہ

یو اے ای کے بھارت سے اپنے تعلقات ،بین الاقوامی تعلقات کا معاملہ جذبات سے ...
یو اے ای کے بھارت سے اپنے تعلقات ،بین الاقوامی تعلقات کا معاملہ جذبات سے بالاتر ہوکر دیکھناہوگا ، وزیر خارجہ

  


ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ متحدہ عرب امارات کے بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات ہیں، بین الاقوامی تعلقات کا معاملہ جذبات سے بالاتر ہوکر دیکھناہوگا ، متحدہ عرب امارات پاکستان کادوست ملک ہے ، مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کے غنڈے بھیجنے کی تیاری کررہی ہے ۔

ملتان میں کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچے افلاس سے بلک رہے ہیں ، کرفیوتوڑ کرباہر نکلنے والوں پر پیلٹ گنوں کا استعمال کیا گیا ، مقبوضہ کشمیر میں بھیجنے کیلئے آر ایس ایس کے غنڈے تیار کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے سربراہاں اور اوآئی سی کومسئلہ کشمیر پر توجہ دینی چاہئے ، بھارت کی مخالفت کے باوجود سکیورٹی کونسل کا اجلاس ہوا، ترکی میں بھی کشمیریوں کے حق میں احتجاج ہورہاہے ،امید ہے یو اے ای پاکستان کومایوس نہیں کرے گا، انسانی حقوق کے اجلاس میں بھارتی مظالم بے نقاب کروں گا ۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہاہے ، بھارت میں مودی سرکار کے خلاف دھڑے بندیاں ہوچکی ہیں،کرفیوکی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں غذائی قلت اور ادویات کی کمی کاسامنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی سے انتہائی تشویشناک اطلاعات موصول ہورہی ہیں، ہم نے دنیا کوقائل کیا کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے ، مودی نے جواہر لعل نہروکے برعکس اقدامات کئے۔انہوں نے کہاکہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ سے رابطے جاری ہیں ، یواے ای کے وزیر خارجہ سے مل کرحقائق پیش کروں گا ۔کشمیر میں انسانی حقوق پامال کئے جارہے ہیں ، دنیا نے دیکھا مودی حکومت نے اپوزیشن ارکان کے ساتھ کیا سلوک کیا۔

مزید : اہم خبریں /قومی


loading...