نیب کرپشن کے بڑے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوشاں ہے: جسٹس (ر) جاوید اقبال
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر)جاوید اقبال نے ایک بار پھر واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن کے بڑے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے نیب کوشاں ہے،میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات اولین ترجیح ہیں،اس کیلئے تمام اقدامات اور وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی سے متعلق بیان دیتے ہوئے بتایا کہ نیب نے قیام سے اب تک 326 ارب روپے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں، 20 ماہ میں بدعنوانی کے600 ریفرنس احتساب عدالتوں میں جمع کروائے جبکہ اسی عرصے میں 71 ارب روپے برآمد کر کے خزانے میں جمع کرائے گئے۔جسٹس(ر)جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کا بنیادی مقصد ہے، میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات نیب کی اولین ترجیح ہیں، نیب حکام میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔