کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ملک بھر میں ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری 

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ملک بھر میں ریلیوں اور ...
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ملک بھر میں ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری 

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف ملک بھر میں ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا،سکھ مسیحی اور ہندو برادری نے بھی کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم،وادی میں کرفیو اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف پاکستان بھر میں شہریوں نے اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مودی سرکار کے خلاف پوری قوم ہم آواز ہوگئی،جگہ جگہ ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ دوسری طرف اقلتیوں کے رہنماؤں  نے پیغام دیا کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ مظفرآباد میں نکالی جانے والی ریلی میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھی شرکت کی۔ شرکا نے بھارت مخالف شدید نعرے بازی کی۔جماعت اسلامی کی طرف سے  پشاور میں کشمیر بچاؤ ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی،پشاور شہر   دن بھر  ’’ الجہاد،الجہاد‘‘ کے نعروں سے گونجتا رہا ۔بھارتی جارحیت و کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف اور مظلوم کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے کراچی میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اقوامِ متحدہ سمیت عالمی برادری سے بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر، جمعیت علمائے اسلام، جمعیت علمائے پاکستان، انجمن محبانِ اہلسنت، جموں کشمیر مسلم راجپوت ایسوسی ایشن، عافیہ موومنٹ پاکستان اور مسیحی برادری کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

راولپنڈی کے حلقہ ارباب ذوق کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیئے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ادیب اور شعرا بھی شانہ بشانہ ہیں، ممتاز شاعر اور ادیب افتخار عارف کہتے ہیں بھارتی مظالم کے خلاف ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔افسانہ نگار حمید شاہد نے کہا ادیب اور شاعر کشمیریوں کے ساتھ بھارتی مظالم کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ اقوام عالم کو کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف ایکشن لینا چاہیے۔راولپنڈی میں ادب سے وابستہ معروف شخصیات نے اقوام متحدہ سے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا شکار کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے لاہور کے نجی مال میں ایک قرارداد پیش کی گئی جسے شہریوں نے بڑی تعداد میں اپنے دستخط کر کے منظور کیا۔ان کا کہنا تھا کشمیر کی آزادی تک ان کے ساتھ ہیں۔حیدرآباد میں مسیحی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف سڑکوں پر آگئی۔مسیحی برادری نے جی پی او چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی اور مودی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔لاڑکانہ میں ہندو کمیونٹی بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے گھروں سے باہر آگئی۔شرکا نے پاک فوج اور کشمیری عوام کے حق میں نعرے بازی کی۔سکھر،ٹھٹھہ اور سوہاوہ سمیت دیگر شہروں میں بھی کشمیری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا.

مزید : قومی


loading...