آل شریف کی کرپشن کے ڈھیروں ثبوت اداروں کے پاس موجود ہیں:فیاض الحسن چوہان

آل شریف کی کرپشن کے ڈھیروں ثبوت اداروں کے پاس موجود ہیں:فیاض الحسن چوہان
آل شریف کی کرپشن کے ڈھیروں ثبوت اداروں کے پاس موجود ہیں:فیاض الحسن چوہان

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب کے وزیر اطلاعات  فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی ساری قیادت الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے اور میں نہ مانوں کا راگ الاپ رہی ہے، آلِ شریف نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی بلکہ قوم کو اربوں ڈالرز کا ٹیکا لگایا،آلِ شریف کی کرپشن کے ڈھیروں ثبوت اداروں کے پاس موجود ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق مسلم لیگ (ن)کی پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صاحب کی شکایت کہ پی ٹی آئی سے دکھوں کے علاوہ کچھ نہیں ملا، جائز ہے  یہ سارے دکھ کرپشن، منی لانڈرنگ، جعلی اکاؤنٹس، بد دیانتی اور اقربا پروری کے پیدا کردہ ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ  شہباز شریف کی ایک دھیلے کی کرپشن نہ کرنے کی گردان بھی بالکل درست ہے کیونکہ انہوں نے دھیلے کی نہیں اربوں کی کرپشن کی۔ اس کرپشن کے ڈھیروں ثبوت جے آئی ٹی، نیب اور احتسابی اداروں کے پاس بدرجہ اتم موجود ہیں۔ شہباز شریف ڈرائنگ روم سیاست کی بجائے گزشتہ چھ ماہ میں ملک کے دورے کرتے تو زیادہ مناسب ہوتا۔ چالیس سال تک پنجاب پر حکمرانی کرنے والے کس منہ سے سہولیات کی فراہمی کا رونا رو رہے ہیں۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اپنے بخار، کمر درد اور کھانسی تک کا علاج باہر سے کروانے والوں نے صحت کے شعبہ کو تباہ کر دیا۔ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب میں بارہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتالوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ دور میں چینی پر پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی بیس ارب روپے کی سبسڈی دی گئی۔ اس کا مقصد صرف شاہد خاقان عباسی کی جانب سے اپنے آقاؤں کو خوش کرنا تھا۔ ن لیگ بین الاقوامی سطح پر کشمیر پر کامیاب سفارت کاری کو ہضم نہیں کر پا رہی۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -