عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت

 عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے حج، اوقاف اورمذہبی امور محمد ظہور شاکر نے اپنے حلقہ پی کے 84میں سکولوں، سڑکوں،  پلوں، صفا ئی و خوبصورتی، نکاسی آب، آبنوشی سمیت عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ ہدایت انہوں نے اپنے دفتر پشاور میں ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اس موقع پر ایکسین سی اینڈ ڈبلیو، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اوربہبود آبادی اور سماجی بہبود کے افسران نے شرکت کی۔اجلا س میں پی کے 84 میں پلو ں اور سڑ کو ں کی تعمیر و مر مت،سٹاف کی حاضری و کارکردگی یقینی بنانے اور عوام کے دیگر مسائل و مشکلات سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا گیا۔معاون خصوصی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے مفاد عامہ کے منصوبوں کی ترقی کا پختہ عزم کر رکھا ہے لہذا متعلقہ افسران صو بے کے دور افتادہ اور پسماندہ اضلاع کی خوشحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں اور دلجمعی کے ساتھ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ترقی و خوشحالی کے سفر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے اور تعمیراتی کاموں میں ناقص میٹریل استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرینگے کیونکہ عوامی مسائل کا حل ہی ہمارا ایجنڈا ہے لہذا متعلقہ حکام اورحلقے کے عوام کو حکومتی اقدامات بر وقت پورا کرنے میں ہمارا بھرپور ساتھ دیں تاکہ عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہوسکے۔