کوہاٹ میں مختلف واقعات کے دوران باپ بیٹے سمیت 3افراد جاں بحق، 2زخمی 

کوہاٹ میں مختلف واقعات کے دوران باپ بیٹے سمیت 3افراد جاں بحق، 2زخمی 

  

کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران باپ بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق دوہرے قتل کا پہلا واقعہ جنگل خیل کے قریب پیش آیا جہاں ملنگ آباد کے رہائشی باشندے فاروق شاہ اور اسکے بیٹے قاسم عرف آکاش کوسوموار کی صبح اسوقت نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا جب وہ موٹر سائیکل پرگھر سے کسی کام کی خاطر گلوبیرہ چوک آرہے تھے۔واردات کے بعد ملزمان فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے جبکہ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردی گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس فی الفور جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور بعد ازاں ہسپتال میں مقتول فاروق شاہ کے بھائی حیدر شاہ کی مدعیت میں دوہرے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف تھانہ کینٹ میں درج کرکے تلاش شروع کردی۔پولیس کو درج کئے گئے رپورٹ میں مدعی مقدمہ نے بتایا ہے کہ انکے مقتول بھائی فاروق شاہ کا رشتہ داروں اور دیگر مقامی لوگوں کیساتھ جائیداد کا تنازعات موجود ہیں تاہم فوری طور پر واقعے کے اصل محرکات معلوم نہ ہوسکیں۔اسی طرح قتل اور اقدام قتل کا ایک واقعہ گمبٹ کے نواحی علاقہ ناکبند میں رونما ہوا جہاں تاک میں بیٹھے برقعہ پوش مسلح ملزمان کی چلتی موٹر کار پر فائرنگ کے نتیجے میں مقامی ملک ہاشم خان موقع پر جاں بحق جبکہ اسکے دو ساتھی نظام خان اور مہراب گل ساکنان ناکبند زخمی ہوگئے۔فائرنگ کے اس واقعے میں ملوث ملزمان فوری طور پر جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے جبکہ مقتول کی لاش اور زخمیوں کو رورل ہیلتھ سنٹر گمبٹ لایا گیا جہاں تھانہ گمبٹ پولیس کو واقعے کی رپورٹ درج کراتے ہوئے مجروح نظام خان نے بتایا کہ وہ موٹر کار میں کوہاٹ شہر سے گاؤں ناکبند جارہے تھے کہ راستے میں تاک میں بیٹھے برقعہ پوش ملزمان نے انکی گاڑی کے قریب آکر اچانک اسلحہ آتشیں سے فائرنگ کردی جس سے ملک ہاشم خان موقع پر دم توڑ گیا جبکہ وہ خود اورموٹر کار ڈرائیور مہراب گل زخمی ہوئے۔پولیس تھانہ گمبٹ نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرتے ہوئے ملوث ملزمان کی تلاش اور وقوعہ کے اصل حقائق معلوم کرنے کیلئے تفتیش شروع کردی ہیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -