طبقاتی نظام تعلیم سے چوکیدار اور کلرک پیدا کیے جا رہے ہیں: سراج الحق 

      طبقاتی نظام تعلیم سے چوکیدار اور کلرک پیدا کیے جا رہے ہیں: سراج الحق 

  

  لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ہماری لڑائی کسی سیاستدان سے نہیں بلکہ اس استحصالی نظام سے ہے جس کی وجہ سے کرپٹ اور بددیانت لوگ اقتدار تک پہنچ جاتے ہیں۔ عوام تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتوں سے محروم ہیں۔ طبقاتی تعلیمی نظام سے چوکیدار اور کلرک پیدا کیے جارہے ہیں۔ ملک پر عالمی مالیاتی اداروں کی حکومت ہے۔ پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی پر راضی ہیں اور غلامی کی یہی زنجیریں وہ قوم کو پہنانا چاہتے ہیں۔موجودہ حکومت نے ایف اے ٹی ایف کے کہنے پر بارہ قوانین بنائے یہ قوانین بنانے میں دونوں سابقہ حکمران جماعتوں نے پی ٹی آئی کا ساتھ دیا۔ حکومت جہلا کا کام نہیں بلکہ عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم، علمائے کرام اور مشائخ عظام کا فرض ہے۔ مشائخ عظام اور علمائے کرام بہت بڑی قوت ہیں۔ خانقاہی نظام سے لاکھوں لوگ عقیدت و محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ یہ لوگ ظلم و جبر کے نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں تو کوئی طاقت ان کا راستہ نہیں روک سکتی۔ ہم نے فریاد یا سینہ کوبی نہیں کرنی بلکہ قوم کی رہنمائی کرتے ہوئے اسلامی و فلاحی پاکستان کی منزل کو حاصل کرناہے۔ علمائے کرام و مشائخ عظام قوم کی قیادت کریں۔ علماء و مشائخ کی قیادت میں ربیع الاول میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی تحریک شروع کریں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں اپنی میزبانی میں ہونے والی تحفظ ختم نبوتؐ، ناموس اہلیتؓ اور عظمت صحابہؓ ”علماء و مشائخ کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اس وقت امت مسلمہ بے شمار مسائل میں گھری ہوئی ہے اور عالم اسلام کے وسائل پر دشمن کا قبضہ ہے۔ پاکستان،جس نے عالم اسلام کی قیادت کرنا تھی، اس پر مسلط جاگیر دار اور سرمایہ دار نظریہ پاکستان سے بہت دور چلے گئے ہیں۔ 

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -