دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند، سیلاب کا خطرہ، الرٹ جاری
چنیوٹ(آئی این پی) دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے سے سیلاب کا خطرہ پیدا ہو گیا۔ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کے مطابق متعلقہ اداروں کو حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر تمام ادارے الرٹ ہیں۔ دریائے چناب پر فلڈ ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیا گیا ہے جس کا ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر چنیوٹ کو ممکنہ سیلاب کے پیش نظر انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا متعلقہ ادارے ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل تیار ہیں۔ اسوقت دریائے چناب کے مقام پر پانی کا بہا ؤ35000 کیوسک ہے، انہوں نے قریبی آبادیوں میں رہائش پذیر افراد کو مال مویشی لے کر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے کی ہدایت بھی کی۔ فلڈ کنٹرول روم کے مطابق ہیڈ تریموں کے مقام پانی کی آمد 57ہزار 988 کیو سک اور اخراج 43ہزار 538کیوسک ہے۔
چناب سیلاب خطرہ