سعودی عرب نے پیسے واپس مانگے نہ ہی پٹرول بند کیا: شاہ محمود قریشی 

  سعودی عرب نے پیسے واپس مانگے نہ ہی پٹرول بند کیا: شاہ محمود قریشی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں اٹھنے والی تحریک بتا رہی ہے فتح نہتے کشمیریوں کا ہی مقدر ہو گی۔ چین کے صدر شی جن پنگ کا دورہ پاکستان انتہائی غیرمعمولی نوعیت کا ہوگا۔ پاکستان اور چین کا موقف واضح ہے کہ سی پیک ہمارا سوچا سمجھا پراجیکٹ ہے، سی پیک سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا، بھارت جو کہتا ہے کہتا رہے، سی پیک سے متعلق آگے بڑھتے جائیں گے۔ افغان طالبان کا وفد پاکستان آیا ہے، ان کیساتھ آج نشست ہو گی۔ افغانستان میں ایک بگاڑ پیدا کرنیوالا گروپ بھی موجود ہے۔ سعودی عرب نے پا کستا ن سے پیسے واپس مانگے نہ ہی پٹرول بند کیا۔اسرائیل سے متعلق پاکستان اور سعودی عرب کا موقف ایک ہے، کوئی تبدیلی نہیں آئی، سعودی عرب کا مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے مؤقف بھی نہیں بدلا۔ مقبوضہ کشمیر میں فاروق عبداللہ سمیت سیاسی جماعتوں نے لاک ڈاون اور بھارتی اقدامات کی نفی کر دی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرخا ر جہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بھارت کے لاک ڈاون کے غیرقانونی اقدام پر چین نے واضح موقف اپناتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو متنازع علاقہ قرار دیا، بھارت کا موقف پٹ رہا ہے۔ چین نے کہا لداخ پر بھارتی موقف قبول نہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا اندرونی معاملہ تسلیم نہیں کرتی۔ کشمیریوں کو آج بھی مسائل کا سامنا ہے، ہزاروں کشمیری بھارتی قید میں ہیں، مودی سرکار کے اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی معیشت تباہ ہو گئی ہے، لاک ڈاون کے ذریعے بھارت کشمیریوں کو دبا رہا ہے۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ کشمیر کے حالات سے عالمی برادری کو خبردار کرتے رہیں گے، بھارت کا بیانیہ تھا گھس بیٹھیے آتے ہیں،دہشت گردی ہے، پاکستان سے آکر لوگ شرارت کرتے آج اسے کوئی تسلیم نہیں کررہا۔ انٹرنیشنل کرائسس گروپ جو متنازع زون پر آزاد رائے رکھتے ہیں وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو بڑے پیمانے پر مزاحمت اور،مقامی قرار دینے سمیت مطا لبہ کررہا ہے 5اگست 2019کے اقدامات کو واپس لیا جائے جبکہ یہی بات پاکستانی اور دنیا بھر میں موجود کشمیری بھی کہہ رہے ہیں۔ پاکستان نے دنیا کو جھنجھوڑا ہے اور جھنجھوڑتارہے گا،باخبر رکھا ہے اور رکھتا رہے گا کہ کشمیر سے متعلق پالیسی کی ناکامی پر بھارتی سرکار سے بعید نہیں کہ وہ کسی جھوٹے فلیگ آپریشن کا ناٹک رچائے۔ حق خود اردایت کی اس سیاسی مزاحمت کو پھر دہشت گردی سے تشبیہ دینے کی کوشش کرے اور اس کا الزام پاکستان پر لگادے۔بعدازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے آئی پی یو کی صدر گیبریلا کویس بیرن نے وفد کے ہمراہ خصوصی ملاقات کی،وزیر خارجہ نے آئی پی یو کے پلیٹ فارم سے پارلیمنٹ کی بالا دستی کیلئے گیبریلا کویس کی خدمات کو سراہا، اور کہا پاکستان جمہوریت کے استحکام کیلئے پار لیمنٹ کی بالاد ستی پر یقین رکھتا ہے۔دوران ملاقات جمہوری نظام کو مستحکم بنانے میں پارلیمنٹ کے کردار اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،شاہ محمود نے صدر آئی پی یو کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہندوستان کی ہندوتوا سوچ اور یک طرفہ غیر آئینی اقدامات پورے خطے کیلئے خطر ے کا باعث ہیں، کشمیری اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتے ہیں، نہتے کشمیریوں کو ان کا جائز حق، حق خودارادیت دلوانے اور بھارتی استبداد سے نجات دلانے کیلئے آئی پی یو اور عالمی برادری کو آگے آنا ہوگا۔
شاہ محمود قریشی

مزید :

صفحہ اول -