لاہور کے مسائل حل کرنے کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے ایس او پیز تیار 

  لاہور کے مسائل حل کرنے کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے ایس او پیز تیار 

  

 لاہور(جاوید اقبال) پنجاب کے دارالحکومت لاہور کو مسائل سے پاک کرنے کیلئے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی طرف سے بنائی گئی وزارتی کمیٹی کے قوانین اور ایس او پیز  تیار کر لے گئے ہیں ڈپٹی کمشنر اور کمشنر فوکل پرسن ہوں گے اور کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کے پابند ہوں گے۔لاہور سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور وزراء بھی کمیٹی کے ممبرا ن ہوں گے چیف سیکرٹری سیکرٹری انڈسٹری ہاوسنگ بلدیات بھی ممبران کی فہرست میں شامل ہوں گے۔ڈی جی ایل ڈی اے ایم ڈی واسا کو بھی کمیٹی میں شامل کیا جائے گا ڈی جی پی ایچ اے بی کمیٹی کا حصہ ہوں گے جبکہ کمیٹی کے سیکرٹری چیف سیکرٹری پنجاب ہوں گے تاہم وہ اپنی ذمہ داری کسی بھی سیکریٹری کو سونپ سکیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اور کمشنر لاہور متعلقہ محکموں سے مسائل سے متعلق شکایات حل کریں گے اور سائلین کی درخواستیں وصول کرنے کے ذمہ دار ہوں گے اور ہر پندرہ روز بعد وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں رپورٹ پیش کریں گے لیکن اس سے قبل انہیں چیف سیکرٹری کو بریفنگ دینا ہو گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے لئے زونز کو بھی متحرک کیا جائے گا۔ذرائع نے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایس او پیز میں یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ آئندہ میٹنگ سے قبل ایل ڈی اے ضلع لاہور میں واقع تمام غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی تفصیلات فراہم کرے گاجبکہ شہر میں ہونیوالی غیر قانونی تعمیرات کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔واسا لاہور ایک رپورٹ پیش کرے گا جس میں پانی کی کمی،خراب واٹر فلٹریشن پلانٹس،ان پر آنیوالے اخراجات،ایسے علاقے جہاں سیوریج اور پانی کی پائپ لائنوں کو تبدیل کرنے کی فوری ضرورت ہے، تفصیلات جمع کروائے گا۔اس طرح محکمہ ایجوکیشن اور ایل ڈی اے رہائشی آبادی میں کمرشل کاروبار اور تعلیمی اداروں کی تفصیلات بھی فراہم کریگا کہ انہیں کس طرح ختم کیا جا سکتا ہے۔والڈ سٹی اندرون شہر میں رہائشی مقامات پر بننے والے غیر قانونی پلازوں کی تفصیلا ت دے گا کہ ان کیخلاف ایکشن کیوں نہیں لیا گیا اور یہ تباہی کون لایا۔لاہور میں سڑکوں کی مرمت اور پیچ ورک  نہ ہونے کی رپورٹ بھی جمع کروائی جائے گی۔شہر میں روڈ اور سٹر یٹ لائٹ کے مسائل کے حوالے سے رپورٹ چیف میٹرو پولیٹن کارپوریشن جمع کروائیں گے کہ انہیں روشن کرنے کیلئے کیا اقدامات کئے گئے جبکہ پولیس بھی اپنی اصلاحات اور مسا ئل کے حوالے سے رپورٹ جمع کروائے گی۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور افضال دانش کا کہنا ہے کہ ایس او پیز تیار کر لئے گئے ہیں آئندہ پندرہ روز میں بڑی تبدیلی نظر آ ئیگی ا و ر سمت کا تعین بھی ہو جائیگا۔اور لاہور کو مسائل سے پاک سٹی بنانے کیلئے دن رات ایک کیا جائیگا۔

لاہور کمیٹی

مزید :

صفحہ اول -