مصباح کی چھٹی شعیب اختر چیف سلیکٹر: پی سی بی حکام نے سرجوڑلئے 

مصباح کی چھٹی شعیب اختر چیف سلیکٹر: پی سی بی حکام نے سرجوڑلئے 

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ہیڈ کوچ مصباح الحق سے چیف سلیکٹر کا اضافی عہدہ واپس لئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کی خراب کارکردگی کے باعث ان سے ایک عہدہ واپس لے لیا جائیگا۔ چیف سلیکٹر کا عہدہ کسی سابق فاسٹ باؤلر کو سونپا جا سکتا ہے اور اس سلسلے میں شعیب اختر کا نام فیورٹ بن کرگردش کر رہا ہے قوی امکان ہے کہ ان کو مصباح الحق کی جگہ قومی ٹیم کا چیف سلیکٹر بنادیا جائے گا اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی عہدیدار سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق پر دوہری ذمہ داری ہے،اس لئے ان کا بوجھ کم کرنے کیلئے یہ فیصلہ کیا جائیگا کیونکہ بورڈ چاہتا ہے کہ مصباح الحق کوچنگ پر پوری توجہ مرکوز رکھیں کیونکہ آئندہ تین سال میں آئی سی سی کے اہم ایونٹس ہونا ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیم سے متعلق کوئی بھی اہم فیصلے سے قبل چیف ایگزیکٹو وسیم خان باریک بینی سے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور ان کی مصباح الحق کی بطور ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کارکردگی پر بھی نگاہ ہے۔ذرائع نے بتایا کہ قومی ٹیم کی بہتری کیلئے وسیم خان کی مصباح الحق سے بات چیت بھی ہوئی ہے او ر ان کو ناقص کارکردگی کی بناء پر چیف سلیکٹر کے عہدے سے ہٹانے کا عندیہ بھی دیا جاچکا ہے اس حوالے سے جلد پی سی بی کی جانب سے فیصلہ متوقع ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -