ڈپٹی کمشنر کی ضلعی افسران کو انسداد ڈینگی مہم تیز کرنے کی ہدایت
لاہور(جنرل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال کی زیر صدارت انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے اہم اجلاس میں الائیڈ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ٹاؤن کی سطح پر ان اور آؤٹ ڈور ڈینگی سرویلنس کا جائزہ لیا گیا۔افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں جاری ڈینگی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا اور درپیش مسائل پر بات چیت کی۔ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ڈینگی مہم مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی ورکرز کی حاضری کو فیلڈ میں یقینی بنائیں اورگھر گھر جا کر ڈینگی سرویلنس کا جائزہ لیں اور ڈینگی ورکرز کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کریں۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی مہم کے سلسلے میں کسی قسم کی کوئی بھی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اورعوام الناس احتیاطی تدابیر کو لازمی اپنائیں۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور ڈینگی لاروا کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران ڈینگی سروئلنس کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے یو سی 128 ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن کا دورہ کیااور ڈینگی سروئلنس کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ 03 لاروا کو تلف کیا گیا ہے اورڈینگی سپرے بھی کیا گیا ہے۔روف مارکنگ، ڈور مارکنگ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضال نے ڈینگی سروئلنس مہم کو مزید تیز رکھنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں.