سپریم کورٹ،دھماکا خیز مواد برآمدگی کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج،شریک ملزم بھی احاطہ عدالت سے گرفتار
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے دھماکا خیز مواد برآمدگی کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی ،عدالت نے شریک ملزم اسماعیل کی ضمانت کافیصلہ واپس لے لیااورگرفتاری کاحکم دیدیا،شریک ملزم اسماعیل کو سی ٹی ڈی نے احاطہ عدالت سے گرفتارکرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں دھماکاخیزمواد برآمدگی کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ،جسٹس قاضی امین نے کہاکہ اسماعیل سے دستی بم برآمدہواتھا،ضمانت اس بنیاد پر ملی کہ دستی بم ک فرانزک نہیں ہواتھا،وکیل ملزم نے کہاکہ جرم میں استعمال ہونے والی ہر چیز کافرانزک لازمی ہے ،جسٹس قاضی امین نے کہاکہ دستی بم کافرانزک آڈٹ ممکن ہی نہیں ۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب نے کہاکہ بم ڈسپوزل سکواڈ نے دستی بم کوناکارہ بنایا،جسٹس قاضی امین نے کہاکہ فرانزک آڈٹ دھماکا خیز مواد،خون اور ڈیجیٹل شواہد کاہوتا ہے،وکیل نے کہاکہ ملزم لاپتہ افراد میں شامل تھا،اس پر بعد میں مقدمہ ڈالا گیا۔
عدالت نے دھماکا خیز مواد برآمدگی کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی اورشریک ملزم اسماعیل کی ضمانت کافیصلہ واپس لیتے ہوئے گرفتاری کاحکم دیدیا،شریک ملزم اسماعیل کو سی ٹی ڈی نے احاطہ عدالت سے گرفتارکرلیا۔