حاصل بزنجو کے انتقال کے باعث سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے شیڈول جاری
اسلام آباد(آئی این پی ) نیشنل پارٹی کے رہنما حاصل بزنجوکے انتقال کے باعث سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے شیڈول جاری کردیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق حاصل بزنجوکے انتقال کے باعث سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 12 ستمبر کو ہوگی۔ الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی 27 اور 28 اگست کو جمع کرائے جاسکیں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست 5 ستمبرکو جاری کی جائے گی، امیدوار اپنےکاغذات 6 ستمبر تک واپس لےسکیں گے۔
نیشنل پارٹی نے اپنی جماعت کے مرکزی قائد سینٹر میر حاصل خان بزنجو کی وفات کے بعد سینٹ میں خالی ہونے والی نشست پر الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اصولی فیصلہ کرلیا ،این پی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نیشنل پارٹی ایک بااصول سیاسی اور جمہوری جماعت ہے،اس وقت چونکہ ہماری جماعت کے پاس بلوچستان اسمبلی میں کوئی نشست نہیں لہذا پارٹی نے سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں باقاعدہ حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے،یہ فیصلہ پارٹی کی مرکزی قیادت نے بزنجو خاندان کے مشاورت سے کیا ہے۔