حکومت اپنی نااہلی کو کورونا وائرس کے پیچھے چھپا رہی ہے، انجینئر امیر مقام
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت حکومت چلانے کے سلسلہ میں بالکل ناکام ہوچکی ہے اور اپنی ناکامیوں کو آفات سماوی کے پیچھے چھپارہی ہے۔ حکومتی وزیر لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں، عوام الناس کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ لوگ مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں۔ اندرون ملک حالات بے حد خراب ہیں اور حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوتے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے چیئرمین محمد غوث قادری، سینئر نائب صدر خواجہ عبدالوحید پال، شارجہ یونٹ کے قائم مقام صدر چودھری راشد فاروق، جنرل سیکرٹری عرفان اقبال طور، انفارمیشن سیکرٹری رانا وہاب عباس، چیف آرگنائزر عامر بشیر انجم، چیف کوآرڈینیٹر اعظم گل، سمیع اللہ، ابوبکر پربانہ، عادل بھائی اور دیگر اراکین کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔ متذکرہ اراکین و عہدیداران پی ایم ایل این انجینئر امیر مقام کی ہمشیرہ کے انتقال پر ان سے تعزیت کے سلسلہ میں ان کی رہائش گاہ واقع عجمان گئے تھے۔
پی ایم ایل این یو اے ای کے کارکنوں اور عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے امیر مقام نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت دس سے بارہ گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے جس سے لوگوں کا جینا مشکل ہوگیا ہے جبکہ بجلی کے بل مسلسل دو سے تین گنا اضافی رقم کے ساتھ آرہے ہیں جنہیں ادا کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، عوام الناس بے حد پریشان اور مایوس ہیں۔ حکومت کی خارجہ پالیسی بالکل ناکام ہے جبکہ حکومت اپنی ناکامیاں کورونا وائرس کے پیچھے چھپارہی ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت لیگی کارکنوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسارہی ہے جو اپوزیشن کے ساتھ دشمنی کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس حکومت سے دن بدن مایوس ہورہے ہیں اور بڑی تبدیلی کے خواہاں ہیں۔