ڈومیسٹک سیزن کیلئے معاہدوں کا ڈرافٹ مزید سخت بنانے کا فیصلہ، کھلاڑی اب کیا نہیں کر سکیں گے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کوچزکے ساتھ کرکٹرزکوبھی فرمانبرداربنانے کا پلان بنا لیا ہے اور ڈومیسٹک سیزن کیلئے معاہدوں کا ڈرافٹ مزید سخت بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ستمبر کے تیسرے ہفتے مجوزہ ڈومیسٹک سیزن کیلئے معاہدوں کا ڈرافٹ مزید سخت بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ کوئی بھی کھلاڑی او رآفیشل بغیر معاہدے پردستخط کے کسی ایونٹ میں شریک نہیں ہوسکے گا، گزشتہ برس بعض کرکٹرز نے ایگریمنٹ سائن کئے بغیر ایونٹ میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اس بارمجوزہ ایگریمنٹ کی شقوں کے تحت سب کرکٹرز کو پی سی بی کے کوڈ آف ایتھکس کا پابند کیا جائے گا جبکہ مختلف محکموں سے وابستہ کرکٹرز اورمیچ آفیشلز کیلئے الگ کنٹریکٹ ہو گا، پی سی بی کنٹریکٹ سائن کرنے کے بعد کوئی اور کنٹریکٹ قبول کرنے سے پہلے انہیں بورڈ کا این اوسی لینا ضروری ہوگا۔