کراچی کے شہریوں کی مدد کیلئے پاک فوج میدان میں آگئی
راولپنڈی(ڈیلی پا کستان آن لائن) کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی مدد کیلئے پاک فوج کے جوان پہنچ گئے۔ڈی جی آ ئی ایس پی آر کے مطابق کراچی میں آرمی اور رینجرز کے70سے زائد ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کراچی میں حالیہ بارشوں سے بہت زیادہ علاقے متاثر ہوئے ہیں، عوام کو کشتیوں کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ کراچی میں شدید بارش کے باعث پانی گھروں اور ہسپتالوں میں داخل ہو گیا ہے جبکہ گلستان جوہر میں پہاڑی تود ہ گرنے سے پارکنگ ایریا میں کھڑی 20 گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔سڑکوں پر گاڑیاں ڈوبتی اور خراب ہوتی رہیں، ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم رہا، مختلف حادثات میں 2 بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں بارش کا سلسلہ جمعرات تک جاری رہ سکتا ہے۔ادھربے تحاشا دباو کے باعث شہر کے تباہ حال نالوں نے ہاتھ کھڑے کردیے، گٹروں سے سیوریج کا پانی ابل ابل کر یوں باہر آیا کہ شاہراہ فیصل سمیت اہم شاہراہیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں، درجنوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں کہیں ڈوبیں تو کہیں خراب ہوئیں۔ ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم رہا۔