آزادی کی 75ویں سالگرہ پوری عقیدت اور جوش سے منائی گئی
ہفتہ رفتہ کے دوران یوم آزادی بھی آیا اور سرکاری سطح پر منانے کی غرض سے تمام روائتی انتظامات کئے گئے تاہم احترام محرم کو مدنظر رکھا گیا اور ان تقاریب سے اجتناب کیا گیا جو سادگی کو متاثر کرتی تھیں، البتہ صبح کا آغاز توپوں کی سلامی اور قومی پرچم لہرانے کی تقاریب سے ہوا۔ ان تقاریب میں ملی جذبہ اجاگر ہوا، سرکاری عمارتوں کے علاوہ شہریوں کو گھروں، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر بھی قومی پرچم لہرانے کی اجازت تھی اور پاکستانیوں نے قومی پرچم لہرا کر جذبہ حب الوطنی کا بھی مظاہرہ کیا، یوم آزادی پر سرکاری چھٹی تھی، تاہم پرچم کشائی کی گئی، قومی ترانے پڑھے گئے۔ مختلف تعلیمی اداروں میں یوم آزادی کی زیادہ تر تقاریب 13اگست ہی کو منعقد کر لی گئیں۔ یوم آزادی پر شہر لاہور نے پارکوں کا رخ کیا اور شام کو لوگ سرکاری اور نجی عمارتوں کی سجاوٹ دیکھنے نکل کھڑے ہوئے۔ سواریوں کی بھرمار کی وجہ سے جگہ جگہ ٹریفک جام کے مناظر نظر آئے اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہوا۔
یہ سب اپنی جگہ، لیکن نوجوانوں کی ایک تعداد ایسی بھی تھی جو بدتہذیبی کا مظاہرہ کرتی رہی، باجے بجائے گئے، موٹرسائیکلوں اور کاروں کی ریس لگائی گئی اور ون ویلنگ کے علاوہ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ویلنگ والے نوجوانوں کے حادثات ہوئے اور تین افراد جان بھی گنوا بیٹھے گریٹر اقبال پارک میں ایک ہجوم کی دست درازی نے پوری توجہ مبذول کرالی پولیس اب تک ملزم تلاش کر رہی ہے۔ چنگ چی رکشا پر سوار خاتون سے شرمناک بدتمیزی کی گئی۔ تینوں نوجوان فوٹیج سے گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ تاہم نوجوان لڑکی نے سامنے آنے سے انکار کیا کہ شہرت بھی بدنامی ہو گی۔ پولیس کو اب خود ہی کارروائی کرنا ہو گی ایک بڑی سڑک پر دو موٹر سائیکل سواروں نے ایک برقع پوش لڑکی سے بڑی ذلالت کی وہ اپنے بھائی کے ساتھ موٹر سائیکل پر تھی یہ نوجوان فوٹیج اور موٹر سائیکل نمبروں سے کیوں گرفتار نہیں ہوئے لاہور پولیس کی انتظامیہ نے اپنے طور پر سخت انتظامات کئے، قریباً سبھی وارڈنز ٹریفک بحالی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے جبکہ پیرو اور ڈولفن فورسز کے جوان بھی روک تھام کے لئے موجود تھے۔ اہل کاروں نے 154 افراد کو حراست میں لیا اور متعدد موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں بھی بند کیں۔
یوم آزادی کی ایک یادگار تقریب معمول کے مطابق واہگہ بارڈر پر قومی پرچم اتارنے کی تھی۔ اس میں شہریوں اور حکام کی بھاری تعداد نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر دفاع شیخ رشید مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ رینجرز کے چاق و چوبند جوانوں نے روائتی جوش و جذبے کیساتھ پریڈ کی اور شہریوں کے دلوں کو گرمایا، نعرہ تکبیر اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند ہوتے رہے۔ صبح کے وقت رینجرز کے جوانوں کی طرف سے بھارتی بارڈر سیکیورٹی والوں کو اور بھارتی سیکیورٹی فورس والوں نے اگلے روز 15اگست کو جوابی طور پر مٹھائی دی۔
یوم آزادی کے حوالے سے سیاسی جماعتوں نے بھی پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔ مسلم لیگ (ن) کی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوئی اور مرکزی صدر محمد شہباز شریف نے پرچم کشائی کی۔ ایک اور تقریب ماڈل ٹاؤن میں پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے دفتر میں ہوئی۔ یہاں بھی پرچم کشائی کی گئی۔ سینئر نائب صدر اسلم گل اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ دونوں جماعتوں کی طرف سے 75ویں سالگرہ کے حوالے سے کیک بھی کاٹے گئے۔
اسی دوران اتوار کے روز شہریوں کو افغانستان کی صورت حال کے حوالے سے خبر ملی کہ طالبان کی پیش قدمی مکمل ہوئی اور انہوں نے افغان دارالحکومت کابل بھی فتح کر لیا، شہر میں ملے جلے ردعمل کا اظہار ہوا، تاہم مجموعی طور پر شہری افغانستان میں بھارتی ہزیمت پر خوش تھے اور ان کی طرف سے کشمیریوں کے اس اقدام کی بھی حمائت اور تعریف کی گئی کہ انہوں نے بھارتی یوم آزادی (15اگست) یوم سیاہ کے طور پر منایا، مجموعی طور پر پوری قوم نے ملک کی سلامتی، ترقی اور بہبود کے علاوہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے بھی دعائیں کیں۔
عشرہ محرم الحرام مجموعی طور پر امن سے گزر گیا۔ مناسب اور سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ تاہم بہاول نگر میں افسوسناک سانحہ پیش آیا ملزموں کی تلاش جاری ہے۔
٭٭٭
قومی پرچم لہرائے اور ترانے پڑھے گئے، واہگہ پر شاندار پریڈ
مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی نے بھی پرچم کشائی کی، طالبان کی فتح، شہریوں کا ملا جلا ردعمل
گریٹر اقبال پارک واقعہ پولیس کی تفتیش جاری، سینکڑوں سے پوچھ گچھ،گرفتاریاں،
چنگ چی رکشا میں سوار خاتون سے بدتمیزی، موٹر سائیکل والی برقع پوش کے ملزم کہاں ہیں؟