قیام پاکستان کے وقت مسیحیوں کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا: جان قادر

قیام پاکستان کے وقت مسیحیوں کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا: جان ...
قیام پاکستان کے وقت مسیحیوں کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا: جان قادر

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) قیام پاکستان کے وقت مسیحیوں نے بھی مسلمانوں کے ساتھ بے شمار قربانیاں دی ہیں اور یہ خطہ ارض پاکستان حاصل کیا ہے لہٰذا آزادی کے حصول کے لیے مسیحیوں کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے وائس پریذیڈنٹ، مسیحی راہنما اور اقلیتی ونگ کے بانی صدر جان قادر نے ایک تقریب کے دوران کیا جس کا اہتمام سرفراز گل جنرل سیکرٹری اقلیتی ونگ نے کیا تھا۔

اس تقریب میں پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے چیف آرگنائزر عبدالمجید مغل بطور مہمان خصوصی مدعو تھے جبکہ ان کے ساتھ پی ایم ایل این دبئی کے صدر سہیل گھمن، نائب صدر غلام محی الدین، شہزاد بٹ، وقاص گھمن، چودھری عبدالرزاق گجر، حاجی محمد یونس، حاجی محمد نواز اور جمیل بنگیال کے علاوہ اقلیتی ونگ کے پاسٹر روکس، ریاض لطیف، پاسٹر صابر گل، جیکب حاکم دین، سناور گل، نذر گل، عاشر گل، سیموئیل کوکب اور نصیر گل بھی موجود تھے۔

اس موقع پر جان قادر نے کہا کہ ہم گزشتہ 14 سال سے مسلم لیگ ن میں اقلیتی ونگ کا مطالبہ کرتے چلے آرہے تھے تاکہ ہمیں ایک الگ شناخت ملے اور ہم مسلم لیگ ن کے لیے مزید کام کرسکیں۔ جان قادر نے کہا کہ اس وقت پورے امارات کی مختلف ریاستوں سے پانچ ہزار سے زائد مسیحی موجود ہیں جو اقلیتی ونگ کے قیام سے خوش اور مطمئن ہیں۔ امارات کے بعد گلف اور مڈل ایسٹ میں موجود مسیحی برادری کو بھی ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جائے گا جو پاکستانی مسلم لیگ ن کا اقلیتی ونگ ہوگا۔ اقلیتی ونگ پی ایم ایل این کو مزید استحکام دے گا جس سے ملک میں ن لیگ کا ووٹ بینک بڑھے گا جو آنے والے انتخابات میں ن لیگ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا اور ن لیگ ووٹوں کی بھاری اکثریت سے جیتے گی۔

اس موقع پر مہمان خصوصی چیف آرگنائزر عبدالمجید مغل نے امارات میں اقلیتی ونگ کے قیام کو سراہا جبکہ جن لیگ امارات کی باہمی چپقلش کو ختم کرنے پر مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرز کے صدر محمد اسحق ڈار اور چیف کوآرڈینیٹر بیرسٹر امجد ملک کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی بروقت مداخلت سے امارات میں مسلم لیگ ن پارہ پارہ ہونے سے بچ گئی۔ تقریب کے دیگر شرکاءنے بھی امارات میں ن لیگ کے اتحا دکو سراہا اور متذکرہ دونوں قائدین کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

تارکین پاکستان -