اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اسلام آباد میں 185 ہاﺅسنگ سوسائٹیز اور رہائشی پراجیکٹس کو غیر قانونی قرار دیدیا ہے ، سی ڈی اے نے غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز کی فہرست کو اپنی ویب سائٹ پرآویزاں کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے جاری کر دہ فہرست میں زون I میں 24 رہائشی پراجیکٹس اور ہاﺅسنگ سوسائٹیز کو غیر قانونی قرار دیا گیاہے جبکہ زون II میں 7 ہاﺅسنگ سوسائٹیز اور زون III میں 15 ہاﺅسنگ سوسائٹیز کو غیر قانونی ڈکلیئر کیا گیاہے ۔
سی ڈی اے کے مطابق زون IV میں 110 ہاﺅسنگ سوسائٹیاں غیر قانونی ہیں جبکہ زون V میں 29 رہائشی پراجیکٹس کو غیر قانونی قرار دیا گیاہے ۔
سی ڈی اے کے مطابق محافظ گارڈن ، روات انکلیو ، فیصل ٹاﺅن ، گریس لینڈ ہاﺅسنگ اور ایئر لائن ایونیو کی مارکیٹنگ اس طرح کی جارہی ہے کہ یہ اسلام آباد میں ہیں جبکہ یہ سکیمز اسلام آباد کی حدود میں نہیں آتیں ، نہ تو ان کی اجازت دی گئی ہے اور نہ ہی ان سکیمز کی مارکیٹنگ اور لانچنگ کیلئے این او سی حاصل کیا گیاہے ۔
سی ڈی اے نے عام شہریوں کو ان سوسائٹیز میں بکنگ کروانے سے خبردار کر دیاہے ، ادارے کی جانب سے دیگر غیر قانونی قرار دی گئی ہاﺅسنگ سوسائٹیوں میں بھی پلاٹ خریدنے سے روکا گیاہے ۔ اگر کوئی شہری پلاٹ خریدنا چاہتا ہے تو پہلے اس سوسائٹی کے بارے میں معلومات حاصل کرے ۔