نائب وزیر اعظم کی داتا دربار پر چادر پوشی، عرس تقریبات کا افتتاح
لاہور(خبر نگار)حضرت داتا گنج بخش کے981 ویں سالانہ عرس مبارک کا افتتاح ڈپٹی وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے صوبائی وزیر خوراک بلال یٰسین،سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضابخاری،ایم پی اے میاں مرغوب احمد،ایس ایم بی آر نبیل جاوید،سیکرٹری ایکسائز مسعود مختار،ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور خالد محمود سندھواور ڈپٹی کمشنرلاہور سیّد موسیٰ رضا کے ہمراہ رسمِ چادر پوشی سے کیا۔ افتتاحی تقر یب میں ڈپٹی ڈائریکٹر ز اوقاف اور امور مذہبیہ کمیٹی کے ممبران سمیت ملک بھر کے معروف قرا،نعت خواں حضرات نے شرکت کی۔ خطیب داتاؒ دربا ر مفتی محمد رمضان سیالو ی نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی، ملک وقوم کی فلاح کے لئے دعائے خیر کی۔رسم چادر پوشی کے بعد ڈپٹی وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نے سبیل دودھ کا فتتاح، مسجد کے صحن میں حرمِ نبویؐ کی طرز پر ہائیڈرولک اور آٹو میٹک چھتریوں کی تنصیب کے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد اور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ڈاکٹر ظفر اقبال نوری کی تصنیف’اور ”کشف المحجوب“ کے چھٹے ایڈیشن کی رونمائی بھی کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر داتاؒ دربار عرس کے انتظامات کیلئے تمام محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں جبکہ زائرین کی سہولت اور سکیورٹی کیلئے چار ہزار رضا کار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، عرس مبارک کی یہ تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی۔
داتا دربار عرس