صدر زرداری،فضل الرحمٰن ملاقات،قانون سازی پر مشاورت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) صدر مملکت آصف علی زرداری نے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور نئی قانون سازی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت آصف زرداری مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کیلئے انکی رہائشگاہ ہر گئے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔مولانا فضل الرحمن نے صدر مملکت کا پرجوش استقبال کیا۔ صدر مملکت نے مولانا فضل الرحمن کو بندوق کا تحفہ پیش کیا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا اسعد محمود، اسلم غوری،انجینئر ضیا الرحمان موجود تھے۔ ملاقات میں آئندہ ہفتے ہونیوالی ممکنہ قانون سازی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ دوسری طرف وفاقی حکومت نے 28 اگست کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کر لیا۔ اراکینِ قومی اسمبلی اور سینیٹ کو مشترکہ اجلاس کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا اوراراکینِ پارلیمنٹ کو مشترکہ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے صدرِ مملکت آ صف زرداری نے قومی اسمبلی کا اجلاس 26 اگست اور سینیٹ کا اجلاس 27 اگست کو طلب کیا ہے۔آصف زرداری کی جانب سے طلب کیا جانیوالا قومی اسمبلی کا اجلاس 26 اگست بروز پیر شام 5 بجے ہوگا، جبکہ سینیٹ کا اجلاس27 اگست بروز منگل شام 5 بجے ہوگا۔دریں اثنامسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف نے اپوزیشن سے معاملات طے کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی بنا دی۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، رانا ثنااللہ اور وفاقی وزیر احسن اقبال شامل ہیں جبکہ انہوں نے اپویشن سے رابطے بھی شروع کر دئیے ہیں۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن سے ملکی استحکام و معیشت کے معاملات پر تین رکنی کمیٹی کام کریگی۔ذرائع کا کہنا ہے آئندہ ہفتے اپوزیشن رہنماؤں کیساتھ با ضابطہ ملاقات کا بھی امکان ہے۔
زرداری ملاقات