الخدمت نے 1154طلباء کو9کروڑ 92لاکھ روپے کی اسکالر شپس دیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت نے رواں سیشن میں 1174طلبہ وطالبات کو اسکالر شپ فراہم کیں۔اسکالر شپ کی مد میں 9کروڑ 92لاکھ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔الخدمت اب تک 5ہزار 411بچوں پر 53کروڑ 31لاکھ روپے خرچ کر چکی ہے۔اسکا لر شپ کا دائرہ ایم فل اور پی ایچ ڈی تک بڑھایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکریٹری جنرل سید وقاص انجم جعفری نے کراچی میں تعلیمی میدان میں بہترین کارکرگی کے حامل اسکالرشپ پروگرام میں رجسٹرڈطلباء میں تحائف اور اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ،ڈائریکٹر الخدمت اکیڈمک اسکالرشپ یوسف محی الدین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع منیجر اکیڈمک اسکالرشپ محمد طار ق و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔سید وقاص انجم جعفری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہم اس وقت ماسٹرز ڈگری تک اسکالرشپ فراہم کر رہے ہیں۔الخدمت معاشرے کے کمزور اور پسے ہوئے طبقے سے تعلق رکھنے والے ذہین اور قابل طلباء کو اسکالر شپ فراہم کر تی ہے،الخدمت انہیں پڑھانا اور قابل بنانا چاہتی ہے تاکہ یہ اپنا مستقبل روشن بنا کر خاندان کی کفالت اوروقوم کی ترقی میں اپنا کردا رادا کرسکیں۔انہوں نے طلبا کوبتایا کہ الخدمت فلسطینی بہن بھائیوں کی مدد شروع دن سے کر رہی ہے اور قوم نے الخدمت کو فلسطینی بہن بھائیوں کیلئے 9ارب روپے کے عطیات دیئے ہیں۔چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت پوری دنیا میں کام کر رہی ہے،تعلیم مہنگی ہو چکی ہے،جس سے مالی طور پر کمزور ذہین بچے متاثر ہوتے ہیں،بہت سے بچے وسائل نہ ہونے کے باعث تعلیم سے کنارہ کشی اختیار کرلیتے ہیں،الخدمت اسکالر شپ پروگرام کے ذریعے ان ذہین طلبہ کا مستقبل روشن بنا رہا ہے،نوید علی بیگ نے کہا کہ ہم نے بنو قابل پروگرام کا آغاز کیا اور اب تک 25ہزار بچے فری آئی ٹی کورسز کر چکے ہیں۔4.0شروع کردیا گیا ہے،ہمارے نوجوانوں میں صلاحیت موجود ہے،اس کے لیے ہم دافٹ اسکلز کے ساتھ ساتھ ہارڈ اسکلز بھی سکھا رہے ہیں تاکہ یہ نوجوان اپنی صلاحتیں استعما ل کر کے باعزت روز گار کما سکیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے اسکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو موبائل رپیئر نک،الیکٹریکل سمیت دیگر کورسز کروائے ہیں،سیکڑوں نوجوان ہنر سیکھ کر باعزت روزگار کمارہے ہیں۔ڈائریکٹر الخدمت اکیڈمک اسکالر شپ یوسف محی الدین نے کہا کہ خدمت کے کام سے جو سکون حاصل ہوتا ہے،وہ ناقابل بیان ہے۔طلبہ کیلئے مواقع موجود ہیں۔طلبہ کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ بطور رضاکار الخدمت سے منسلک ہوں تاکہ نیکی کے اس کام کو آگے بڑھایا جا سکے۔