وزیر قانون کا عوام کی حقیقی ضروریات پر مبنی ترقیاتی لائحہ عمل طے کرنے کی ہدایت
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے ڈھوڈہ شریف یونین کونسل کوہاٹ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں وہ عمائدین علاقہ، پارٹی کارکنوں اور عام لوگوں سے ملے،ان کے مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کی اور ان کے ساتھ علاقے کے ترقیاتی لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر ڈھوڈہ پایا واٹر سپلائی سکیم، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ڈھوڈہ کوہاٹ کی اپگریڈیشن کے بعد وہاں جاری تعمیراتی کام اور ڈھوڈہ میں ہی 3 کلومیٹر طویل ڈھوڈہ روڈ سائٹ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور اسے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر تعلیم، سی اینڈ ڈبلیو، ایریگیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام کے علاوہ عمائدین علاقہ اور پارٹی کی مقامی قیادت بھی ہمراہ تھی۔ڈھوڈہ روڈ کا ذکر کرتے ہوئے آفتاب عالم نے کہا کہ اس روڈ کی منظوری اور ٹینڈر ہو چکا ہے اور عنقریب اس پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ قبل ازیں وزیر قانون آفتاب عالم نے کوہاٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی کے ساتھ ان کے دفتر میں خصوصی اجلاس منعقد کیا جس میں چیئرمین ڈیڈیک کوہاٹ شفیع جان ایم پی اے، داؤد آفریدی ایم پی اے، تحصیل چیئرمین گمبٹ ساجد اقبال اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام شریک ہوئے۔ وزیر قانون نے ترقیاتی منصوبے عوام کے بنیادی اور حقیقی ضروریات پر مبنی بہتر انداز میں تشکیل دینے کی ہدایت کی تاکہ عوام کے مسائل حل ہوں۔