اولمپین ئ ارشد ندیم کی زبردست کارکردگی جی ایچ کیو میں خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے تقریب قومی اور پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد متفقہ منظور!
ناصرہ عتیق
پیرس اولمپکس میں عالمی ریکارڈ بنانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کی کامیابی پر سیاسی، سماجی، شوبز شخصیات اور کرکٹر زسمیت سب ہی خوشیاں منا رہے ہیں۔اس حوالے سے پنجاب اسمبلی میں پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے 40 سال بعد گولڈ میڈل لانے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔دوسری طرف افواجِ پاکستان کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی جانب سے ارشد ندیم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب منعقد کی گئی۔ترجمان پاک فوج کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ تقریب میں 1984ء اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والی ہاکی ٹیم، قومی کرکٹ ٹیم، سٹریٹ فٹبال ٹیم، آرمی پولو ٹیم اور نابینا افراد کی خصوصی ٹیم نے بھی شرکت کی۔علاوہ ازیں خواتین کی گول بال ٹیم، کامن ویلتھ گیمز میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں سیف اور ایشین گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔شرکاء میں نامور کھلاڑی جہانگیر خان، اصلاح الدین، شہباز سینئر، سہیل عباس، محمد آصف اور اعصام الحق قریشی بھی موجود تھے جب کہ ارشد ندیم کے اہلِ خانہ، ساتھیوں اور کوچز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس لحاظ سے یہ ایک منفرد تقریب بن گئی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم کی کامیابی قوم کے لئے فخر ہے۔ان کی کامیابی سے پوری قوم کو خوشیاں ملیں جب کہ پوری قوم نے ارشد ندیم کو اس کے کارنامے کے مطابق اعزاز دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کھلاڑیوں اور نوجوانوں کو بھرپور تعاون کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا جب کہ آرمی چیف نے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کا مزید کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے سراہنے پر شکریہ ادا کیا اور نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں پر زور دیا جب کہ ارشدندیم نے چیلنجز پر قابو پانے، کامیابی کے لئے محنت اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔اس کے علاوہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہبازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ارشد ندیم کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور نقد انعام سے نوازا۔
دوسری طرف پنجاب اسمبلی میں ارشد ندیم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔قرارداد میں کہا گیا کہ ارشد ندیم گولڈ میڈل حاصل کرنے والے پہلے اتھلیٹ ہیں، ارشد ندیم کی کامیابی سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن ہوا۔ ارشد ندیم عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کر چکا ہے،لہٰذا اسے قومی ہیرو قرار دیا جائے۔
8 اگست کو ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا تھا، جب کہ یہ پاکستان کا انفرادی طور پر پہلا گولڈ میڈل بھی ہے۔ ارشد ندیم کی اس شاندار کامیابی پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو اولمپکس میں ریکارڈ کارکردگی پر ہلالِ امتیاز سے نوازنے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بھی ارشد ندیم کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے قرارداد پیش کی تھی، جس میں کہا گیا ”یہ ایوان ارشد ندیم کو مبارک باد پیش کرتا ہے، ارشد ندیم نے ثابت کیا کہ وسائل کی کمی اور راہ کی دشواریاں راستہ نہیں روک سکتیں“۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ یہ ایوان ارشد ندیم کی سابقہ کامیابی کو بھی احترام سے دیکھتی ہے، یہ ایوان سفارش کرتا ہے کہ صدرِ مملکت آصف زرداری ارشد ندیم کو سول ایوارڈ سے نوازیں۔
٭٭٭