والدین سے پیسے نہ لانے پر سسرالیوں نے بہو کو چھٹی منزل سے پھینک دیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارت میں والدین سے پیسے نہ لانے پر سسرالیوں نے بہو کو چھٹی منزل سے نیچے پھینک دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ شہر تھانے کے شیلیش نگر علاقے میں پیش آیا جہاں سسرال والوں نے بہو کو اپنے والدین سے پیسے مانگنے کا کہا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ والدین سے پیسے مانگنے سے انکار کرنے پر سسرال والے ناراض ہو گئے اور خاتون کے شوہر صابر مختار شیخ کے چچا نے اسے اپارٹمنٹ کی چھٹی منزل سے نیچے پھینک دیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گرنے کی وجہ سے خاتون کی دونوں ٹانگوں میں فریکچر اور متعدد زخم آئے ہیں اور وہ ہسپتال میں زیر علاج ہے۔اسی حوالے سے پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ واقعہ ایک ماہ قبل پیش آیا تھا تاہم شوہر اور ساس سمیت سسرال کے مزید تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جبکہ تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔