سرگودھا میں کنو اور ملتان میں آم کی منڈی بنے گی : ڈاکٹر فرخ جاوید

سرگودھا میں کنو اور ملتان میں آم کی منڈی بنے گی : ڈاکٹر فرخ جاوید

  

لاہور( کامرس رپورٹر)صوبہ پنجاب میں گندم اور کپاس کی پیداوار میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔بیماریوں کے خلاف بہتر قوت مدافعت کی حامل گندم کی 11اور کپاس کی 10 نئی اقسام دریافت کی ہیں۔ پنجاب میں کل 58ہزار نہری کھالاجات میں سے 43,720 کھالاجات پختہ کیے جا چکے ہیں۔سپلائی چین منصوبے کے تحت سرگودھا میں کنو اور ملتان میں آم کی منڈی بنے گی۔ورلڈ بینک کے تعاون سے سپلائی چین کا منصوبہ بنا رہے ہیں جس سے ہمارے کاشتکار ناصرف بہتر پیداوار حاصل کرپائیں گے بلکہ اپنی اجناس کی برآمد کیلئے انہیں عالمی منڈیوں تک رسائی مل سکے گی۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے انہوں نے بتایا کہ حکومت توانائی کے متبادل زرائع کو ترجیح دے رہی ہے جس کے تحت پنجاب بھر میں ایک لاکھ ٹیوب ویلوں کو بائیو گیس پر منتقل کیا جائے گا۔

سٹرس سے متعلق سوال کا جواب میںڈاکٹر فرخ جاوید نے بتایا کہ سٹرس ہمارا نہایت اہم پھل ہے جس کی برآمد سے ملک اربوں روپے کا زرمبادلہ کماتا ہے۔ روس، ایران،انڈونیشیا اور ملائیشیا کو سب سے زیادہ کنو برآمد کیا جاتا ہے۔ روس نے گزشتہ سال پاکستانی پھل پرپابندی لگائی جسے بروقت اقدامات کے زریعے ہٹوایا گیا اور اب ہمارا پھل بڑی مقدار میں روس برآمد ہو رہا ہے۔فروٹ فلائی کے خاتمے کیلئے 227ملین روپے سے ایک پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ فروٹ اینڈ ویجیٹیبل منصوبے کے تحت 120فارمر فیلڈ سکول قائم کیے ہیں جہاں 3000سٹرس کے باغبانوں کو ایک سال کی عملی تربیت دی گئی ہے۔ ان حکومتی اقدامات سے ترشاوہ پھلوں کی پیداوار اور معیار میں بہتری آئے گی۔سبزی و فروٹ منڈیوں کے حوالے سے وزیر زراعت نے ایوان کو بتایا کہ حکومت صوبے بھرکی منڈیوں کو شہروں سے باہر بہتر مقامات پر منتقل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ اشیائے خوردونوش کی ترسیل بہتر طور پر انجام دی جا سکے ۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پنجاب کے 26اضلاع میں 1609 زرعی گریجویٹس کو 12ایکڑ سے 25 ایکڑ تک زرعی رقبہ5 سال کے لیز پر فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی جدید تعلیم کے جوہر دکھاسکیں۔کھالا جات سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر زراعت نے بتایا کہ پنجاب میں کل 58ہزار نہری کھالاجات ہیں جن میں سے 43,720 کھالاجات پختہ کیے جا چکے ہیں ۔ آبپاش زراعت کی بہتری کے منصوبے PIPIPکے تحت مزید 5500کھالاجات کی اصلاح بھی جلد مکمل کی جائے گی۔ انہوںنے بتایا کہ پنجاب کے تحقیقی اداروں نے گزشتہ پانچ سالوں میں پیداوار میںاضافے اور بیماریوں کے خلاف بہتر قوت مدافعت کی حامل گندم کی 11اور کپاس کی 10 نئی اقسام دریافت کی ہیں۔ ان اقسام میں پانی کی کمی اور موسمی تبدیلیوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے جن کے استعمال سے کاشتکاروں کی مجموعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوںنے ایوان کو بتایا کہ حکومت پنجاب کسانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہر اقدام اٹھائے گی۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے حکومتی پالیسی واضح ہے۔

مزید :

کامرس -