حکومت آئی ایل او کنونشنوں کی پاسداری کر رہی ہے،راجہ اشفاق سرور

حکومت آئی ایل او کنونشنوں کی پاسداری کر رہی ہے،راجہ اشفاق سرور

  

لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جی ایس پی پلس سٹیٹس سے استفادہ کرنے کے لئے آئی ایل او کے لیبر سے متعلقہ تمام کنونشن کی بھرپور پاسداری کررہی ہے تاکہ نہ صرف آجراور اجیر کا اعتماد بحال کیا جاسکے بلکہ عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات اور ورک فورس کی کھپت میں اضافہ بھی یقینی بنایا جاسکے-انہوں نے یہ بات ادارہ پنجاب ایمپلائز سوشل سیکورٹی میں پاکستان میں ڈنمارک کے سفیر جیسپر مولر سورنسن سے ملاقات کے دوران محکمہ لیبر کی طرف سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران کہی-۔

 اراکین صوبائی اسمبلی سردار رمیش سنگھ اروڑا اور سائرہ افتخار کے علاوہ سیکرٹری لیبر اور کمشنر سوشل سیکورٹی عشرت علی اور محکمہ لیبر کے دیگر اعلی افسران بھی بریفنگ میں موجودتھے-سیکرٹری لیبر عشرت علی نے ڈنمارک کے سفیر کو محکمہ لیبر کی طرف سے جی ایس پی پلس سٹیٹس سے استفادہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ لیبر مزدوروں کی فلاح و بہبود، انٹرنیشنل لیبر سٹینڈرڈ کے نفاذاور مزدوروں کی کام کی جگہ پر حفاظت یقینی بنانے کے لئے اہم قانون سازی اور لائحہ عمل پربھرپورعملدرآمد کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے یورپی یونین نے بھی حکومت پنجاب کے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اقدامات کی تعریف کی ہے-راجہ اشفاق سرور نے اس موقع پر ڈنمارک کے سفیر کو بتایا کہ حکومت پنجاب خاص طور پر ٹیکسٹائل سیکٹر میں مزدوروں کے حوالے سے آئی ایل او کے کنونشن اور یورپی یونین کے تحت متعلقہ سٹینڈرڈ لاگو کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے-ڈنمارک کے سفیر جیسپر مولر سورنسن نے مزدوروں کے لئے سوشل سیکورٹی سہولیات کی فراہمی ، ان کے بچوں کے لئے مفت تعلیم اوردیگر سہولیات کی فراہمی پر صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بے حد سراہا-

مزید :

علاقائی -