قائداعظم نے ہمیشہ جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کا وژن دیا،آصف علی زرداری

قائداعظم نے ہمیشہ جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کا وژن دیا،آصف علی زرداری

  

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے عوام سے اپیل کی ہے کہ قائداعظم کے نظریات یعنی جمہوریت اور عسکریت پسند اور انتہاپسند ذہنیت کو ختم کرنے کے اصولوں پر کاربند رہیں۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کی 138ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم نے ایک جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کا وژن دیا تھا جہاں ہر شہری بلا تفریق مذہب، رنگ اور نسل برابر کا شہری ہوگا اور سب کو برا بر کے مواقعے میسر ہوں گے۔ آج ان کے اس فلسفے پر کاربند ہونے کی جتنی ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ انتہاپسندی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گی اور اسے ختم کرکے دم لے گی ۔آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو کرسمس کے تہوار کے موقع پر مبارکباد کا پیغام دیا کہ کہ وہ دنیا بھر کے مسیحیوں بالخصوص پاکستانی مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کرسمس کی تقریبات ایک سنجیدہ ماحول میں ہو رہی ہے کیونکہ پوری قوم پشاور میں دہشتگردوں کے ہاتھوں ظالمانہ اور غیرانسانی حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر افسردہ ہے۔ حضرت عیسیٰ نے ہمیشہ محبت، بھائی چارے اور درگزر کا سبق دیا اور یہ انتہائی دکھ کا مقام ہے کہ کرسمس کے قریب دہشتگردوں نے معصوم بچوں کو قتل کیا جو صرف تعلیم حاصل کرنا چاہتے تھے اور آگاہی اور ترقی کے طلبگار تھے۔ آج جتنی ضرورت محبت، درگزر اور مفاہمت درپیش ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔ اس موقع پر سابق صدر نے کہا کہ وہ مسیحی برادری کی جانب سے ملک کی ترقی اور بھلائی کے لئے کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسیحیوں اور تمام غیرمسلموں کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ انہیں ریاست میں برابر کے شہری کا درجہ مل سکے۔

آصف علی زرداری

مزید :

صفحہ آخر -